کوٹری/لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)”بیس بال کھلاڑی آئیسولیشن میں رہ کر تمام حفاظتی اقدامات کے ساتھ سیلف پریکٹس و فٹنس پروگرام جاری رکھیں تاکہ وہ نومبر میں ہورہی انڈر 12 بیس بال ایشین چیمپیئن شپ تائیوان میں شرکت کے لیئے تیار رہ سکیں”. یہ بات پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے گزشتہ روز انڈر 12 بیس بال ایشین چیمپیئن شپ کے متوقع کھلاڑیوں و کوچز کے لیئے کورونا سے بچائو سے متعلق جاری کردہ اپنے وڈیو پیغام میں کہی.
انہوں خاص طور پر ان کھلاڑیوں و کوچز کو تنبیہ کی جو مذکورہ ایونٹ کے لیئے بحوالہ عمر کوالیفائی کرتے ہیں یعنی انکے پیدائش کے سال 2008 اور 2009 ہیں.انکا کہنا ہے کہ فاٹا, صوابی, بحریہ ٹائون لاہور اور ملک بھر میں قائم ہماری اکیڈمیز و کلبس میں بیس بال سرگرمیاں کورونا وائرس کی وجہ سے معطل ہیں اس لیئے کھلاڑیوں کو چاہیئے کہ اپنے کوچز سے آن لائن ٹپس لیتے رہیں.
اس سلسلے میں ہم نے کوچز کو متعلقہ ورزشوں اور کوچنگ پلان سے آگاہ کردیا ہے کہ وہ ان حالات میں کس طرح پریکٹس کرسکتے ہیں اور اپنی فٹنس قائم رکھ سکتے ہیں.انہوں نے کہا کہ ہمیں تائیوان چیمپیئن شپ ہونے اور پاکستان کی شرکت کے حوالے سے کھلاڑیوں کے برقی پیغامات آرہے ہیں.ہم امید کرتے ہیں کہ ہم اور پوری دنیا کورونا پر قابو پالے اور ہمیں اس ایونٹ میں شرکت کا موقع مل سکے.انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر ایسا نہ ہوسکا تو پھر یہ ایونٹ 2021 میں ہوگا اور اس میں 2009 اور 2010 کی پیدائش والے کھلاڑی شرکت کے اہل ہونگے.انہوں نے کہا کہ ہم پرامید ہیں اور پہلے سے رجسٹرڈ کھلاڑیوں کے کوائف و پاسپورٹ ہمارے پاس موجود ہیں بس کھلاڑیوں کو اچھی کارکردگی دکھانے کی خاطر خود کو فٹ رکھنا ہوگا.
فیڈریشن کے میڈیا مینیجر پرویز احمد شیخ کے مطابق اس چیمپیئن شپ میں پاکستان کے علاوہ جاپان, کوریا, تائپائی, چائنا, ہانگ کانگ, فلپائن اور سریلنکاکی ٹیمیں شرکت کریں گی.منتظمین کی جانب سے ایونٹ جولائی کے بدلے فی الحال نومبر 2020 میں منعقد کرانے کا اعلان کیا ہے.