اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی وزارت ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے پاکستان کی جانب سے کھیل کے میدان میں دوسری ایشن گیمز منیلا 1954 میں پاکستان کے لئے پہلا گولڈ میڈل جیت کر پاکستانی پرچم بلند کرنے والے پہلے کھلاڑی ریسلر 95سالہ دین محمد کو پانچ لاکھ روپے جاری کردیئے ساتھ ہی انکا کئی برسوں سے رکا ہوا وظیفہ بھی سابقہ تاریخ سے بحال کردیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کشتی فیڈریشن کے صدر کرنل ر آصف ڈار،پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سابق سیکریٹری کرنل مجاھداللہ ترین اور پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سابق جوائنٹ سیکریٹری علی اکبر شاہ قادری نے چند ماہ قبل پاکستان کے اس بزرگ ھیرو دین محمد کی کسمپرسی پر حکومت پاکستان اور وزارت آئی پی سی کی توجہ مبذول کراوائی تھی جبکہ پاکستانی میڈیا نے بھی اسکا بھرپور ساتھ دیا تھا۔
کرنل آصف ڈار،کرنل مجاھداللہ ترین اور علی اکبر شاہ قادری نے وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے جنہوں نے پاکستان کے اس گمنام ھیرو پر توجہ دلانے پر فوری کاروائی کرتے ہوئے نہ صرف پانچ لاکھ روپئے کی مالی مدد کہ بلکہ انکے وظیفے کو بھی بحال کردیا۔