لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان اور انگلش کرکٹ بورڈ کے درمیان جولائی اور اگست میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے حوالے سے آئندہ ہفتے باضابطہ بات چیت ہوگی۔ پہلی بار انگلش کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے رابطہ کرکے بتایا ہے کہ وہ سیریز کے بارے میں ایک پلان پیش کرنا چاہتے ہیں اگر پی سی بی کو کسی مسئلے پر کوئی تحفظ ہے تو وہ اسے دور کرنے کو تیار ہے۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے سی ای او ٹام ہیری سن سے ویڈیو لنک پر سیریز کے ممکنہ امکانات کا جائزہ لیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنے کھلاڑیوں کی حفاظت کے لئے میزبان ملک کی جانب سے کئی سوالات کا جواب درکار ہے۔ انگلش کرکٹ بورڈ سیریز تماشائیوں کے بغیر دو گرائونڈز پر میچ کرانا چاہتا ہے۔پاکستان کو انگلینڈ جانے سے قبل آئر لینڈ کا دورہ کرنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ اپنے کھلاڑیوں اور حکومتی ذمے داروں سے میٹنگ کے بعد کلیئر گائیڈ لائن پی سی بی کے سامنے رکھے گا۔ پی سی بی جاننا چاہے گا کہ سیریز کس طرح اور کن شرائط پر ہوگی۔
پاکستان کے لئے سب سے اہم صحت کے معاملات پر ہوں گے۔ انگلش بورڈ نے اپنی وزارت صحت سے ابتدائی بات چیت کر لی ہے۔ وسیم خان ای سی بی سے مشاورت کے بعد کچھ معاملات کی رہنمائی وزارت خارجہ سے بھی لے سکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ میچوں کی تاریخیں تبدیل ہوں گی، اس سے قبل انگلش کرکٹ بورڈ ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کےبورڈز سےبھی بات چیت کرچکا ہوگا۔