لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)کپتان اور نائب کپتان کے انتخاب کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ڈریم پیئر مہم مکمل ہو گئی ہے اور سوشل میڈیا پر عمران خان اور جاوید میانداد کی جوڑی کے چرچے رہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی ڈریم پیئر مہم میں مقبول ترین کپتان اور نائب کپتان کی جوڑی سامنے آئی ہے، سوشل میڈیا پر موجود کرکٹ کے مداحوں نے آل راؤنڈر عمران خان کو کپتان اور جاوید میانداد کو نائب کپتان کے لیے ووٹ دئیے۔عمران خان کے بطور کپتان 48 ٹیسٹ میچوں میں سے 14 میں پاکستان کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی تاہم محدود طرز کی کرکٹ میں یادگار 1992 ورلڈکپ کی فتح ہمیشہ ان کے نام کے ساتھ جڑی رہے گی۔میگا ایونٹ میں کپتانی کرنے والے عمران خان نے کل 139 ایک روزہ میچوں میں پاکستان کی قیادت کی جس میں سے پاکستان نے 75 میں کامیابی حاصل کی۔ورلڈ کپ 1992 کی ٹیم میں عمران خان کے نائب کی ذمہ داریاں نبھانے والے جاوید میانداد کو سوشل میڈیا صارفین نے ایک بار پھر عمران خان کے نائب کی حیثیت سے میدان میں دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔124 ٹیسٹ میچوں میں 8832 رنز بنانے والے جاوید میانداد کو پاکستان کرکٹ کے عظیم بلے بازوں سمیت ایک لیڈر جانا جاتا ہے۔
29 اپریل سے شروع ہونے والی ڈریم پیئر مہم اب مکمل ہوگئی، اس مہم کا مقصد پی سی بی کی جانب سے سابقہ کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرنا اور اس کے ساتھ ساتھ موجودہ نسل کو پاکستان کی تاریخ کے بہترین ٹیسٹ کرکٹرزکے ساتھ جوڑنا تھا۔اس سے قبل مہم میں 1990 کی دہائی کے عظیم کرکٹرز سعید انور اور عامر سہیل پر مشتمل اوپننگ جوڑی مہم کے پہلے حصہ میں مقبول ترین رہی۔مڈل آرڈر بلے بازوں کے ڈریم پیئرز میں یونس خان اور محمد یوسف کا ڈریم پیئر سب سے مقبول جوڑی رہا۔فاسٹ بولرز کے ڈریم پیئرز میں ٹو ڈبلیوز وسیم اکرم اور وقار کی جوڑی نے مقبولیت کے تمام گزشتہ ریکارڈز توڑدئیے۔اسپنرز کی کیٹیگری میں گگلی ماسٹر مرحوم عبدالقادر اور دوسرا کے مؤجد ثقلین مشتاق کی جوڑی کو مقبول ترین قرار دیا گیا۔آل راؤنڈرز میں عمران خان اور شاہد آفریدی کی جوڑی سب سے مقبول رہی تھی جب کہ شاہد آفریدی اور عبدالرزاق نے اس ریس میں دوسرا نمبر حاصل کیا تھا، اسی طرح راشد لطیف کو پسندیدہ ٹیسٹ وکٹ کیپر چنا گیا۔