دبئی (سپورٹس لنک رپورٹ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی کرکٹ کمیٹی نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کیلئے گیند کو چمکانے کیلئےکھلاڑیوں کے تھوک کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کردی۔آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کا اجلاس انیل کمبلے کی صدارت میں ویڈیو کانفرنس پر ہوا جس میں آئی سی سی کے میڈیکل ایڈوائزری پینل سے بھی رائے لی گئی۔اجلاس میں کمیٹی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وائرس کے پھیلاؤکو روکنے کیلئے تھوک سے گیند کو چمکانے پر پابندی لگانا ضروری ہے تاہم پسینے سے وائرس کے پھیلاؤ کے شواہد نہیں اس لیے پسینے کے استعمال پر پابندی ضروری نہیں۔
کرکٹ کمیٹی نے بین الاقوامی سفری پابندیوں اور دیگر مشکلات کی وجہ سے امپائرز کی تقرری پر بھی رائے دی ہے اور کہا ہے کہ فی الحال انٹرنیشنل میچز میں غیر نیوٹرل امپائرز کا تقرر ہی کیا جائے کیوں کہ نیوٹرل امپائرز کیلئے ایک جگہ سے دوسری جگہ سفر کرنا آسان نہیں ہوگا۔کمیٹی نے تجویز دی ہے کہ جس ملک میں سیریز ہوگی اس ملک سے تعلق رکھنے والے ایلیٹ اور پھر انٹرنیشنل پینل کے امپائرز کو میچز میں تعینات کیا جائے۔
کرکٹ کمیٹی نے عبوری طور پر ٹیموں کیلئے اضافی ر یویو فراہم کرنے کی بھی سفارش کی ہے، آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کی سفارشات جون کے پہلے ہفتے میں ہونے والی چیف ایگزیکٹو کمیٹی میں منظوری کیلئے پیش کی جائیں گی۔