لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)۔نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں بین الاقوامی معیار کا فائیو سٹار ہوٹل بنانے کے حوالے سے سٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس صوبائی وزیر کھیل ، امور نوجوانان، آثار قدیمہ و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی کی صدارت میں پیر کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں منعقد ہوا،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے ہوٹل کے منصوبے سے متعلق بریفنگ دی،
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل ، امور نوجوانان، آثار قدیمہ و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے سپورٹس کے فروغ کے ویژن کے مطابق نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں عالمی معیار کے فائیوسٹار ہوٹل کی تعمیر سے سپورٹس کو فروغ اور ترقی ملے گی
فائیوسٹار ہوٹل کا منصوبہ پنجاب حکومت کے اہم منصوبوں میں شمار ہوگا، فائیوسٹار ہوٹل کی تعمیر سے انٹرنیشنل ایونٹس کے لئے لاہور بند نہیں کرنا پڑے گا اورسیکورٹی کا مسئلہ بھی حل ہوجائے گا،فائیوسٹار ہوٹل کی تعمیر سے کھلاڑیوں کو بہترین سہولت میسر آئے گی،انہوں نے مزید کہا کہ ہوٹل آئی سی سی اور سپورٹس کی عالمی تنظیموں کے ایس او پیز کے مطابق تعمیر کیا جائے گا
فائیوسٹار ہوٹل میں سپورٹس میوزیم بنانے کابھی منصوبہ ہے،فائیوسٹار ہوٹل کی جلداز جلد تعمیر کے لئے اقدامات کررہے ہیں،اجلاس میں ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ، پی سی بی سے کرنل اشفاق اور اظہر ہاشمی،ایڈیشنل سیکرٹری فنانس ڈیپارٹمنٹ نادیہ ثاقب، پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹر فرخ ،جی ایم ای سی ایس پی جاوید لودھی، پی پی پی سیل پی اینڈ ڈی بورڈ مریم نصیر،ریذیڈنٹ انجینئر ای سی ایس پی اسد باجوہ،، ایس ایم ایل سی ایم آفس حمزہ ،آرکیٹیکٹ محمد رزاق،ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ رئوف باجوہ ودیگربھی اجلاس میں شریک ہوئے۔