لندن (سپورٹس لنک رپورٹ) انگلینڈ کے نامور مڈل آڈر بیٹسمین این بیل نے کہا ہے کہ سعید اجمل کے مقابلے لیجنڈری آف سپنر مرلی دھرن کو کھیلنا آسان تھا۔ ایک انٹرویو میں انگلش بیٹسمین نے پاکستان کے خلاف اپنی مشکل ترین سیریز کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں انہیں مرلی دھرن سے زیادہ سعید اجمل کو کھیلنے میں دشواری کا سامنا رہا۔این بیل نے کہا کہ مرلی دھرن جنہوں نے 800 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کیں ،انہیں سعید اجمل کے مقابلے میں کھیلنا آسان لگتا تھا
میں مری دھرن کی بولنگ کو سمجھ لیتا تھا مگر سعید اجمل کو کریز پر لمبی باری کھیلتے ہوئے بھی نہیں سمجھ پاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی معیاری اور بہترین بولنگ کا سامنا کیا، اس وقت سعید اجمل عروج پر تھے اور بطور بیٹنگ یونٹ ہمیں ان کے ساتھ کافی مشکلات پیش آئیں، لیفٹ آرم سپنر عبدالرحمان نے بھی شاندار بولنگ کی، یہاں تک کہ کیون پیٹرسن جو اکثر اعتراف نہیں کرتے لیکن وہ بھی اس سیریز سے لاجواب ہو گئے۔38
سالہ انگلش بیٹسمین نے اپنے کیریئر کے مشکل ترین بولرز میں سعید اجمل کے ساتھ ساتھ شین وارن اور میک گراتھ کو بھی شامل کیا ہے۔ واضح رہے کہ 2012ء کی یو اے ای ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی بولرز سعید اجمل اور عبدالرحمان کی شاندار بولنگ کی بدولت انگلینڈ کے خلاف وائٹ واش کیا تھا۔ اسی سیریز میں انگلش بلے بازوں کو پاکستان سپنرز کی گھومتی گیندوں نے گھما کر رکھا دیا تھا اور این بیل بھی کئی مرتبہ سعید اجمل کا شکار بنے تھے۔