پاکستان کرکٹ بورڈ کا یوٹرن،ملازمین کو برخاست کرنے کا نوٹس واپس لے لیا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے 55 ملازمین کو نوکری سے برخاست کرنے کا نوٹس ایک روز بعد ہی واپس لے لیا۔پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بورڈ کے اسٹاف اراکین کو رواں ہفتے ملازمت سے برخاست کرنے کے لیے جاری کیے گئے نوٹسز واپس لیے گئے ہیں۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا کہ اسٹاف کا زیادہ ہونا موجودہ بورڈ کے لیے طویل مدتی پائیداری کا مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے لیے وقت کا چناؤ بہت اہم ہوتا ہے لٰہذا اس عمل سے متعلق اپنائے گئے طریقہ کار اور دیگر ذرائع میں بہتری کی ضرورت تھی۔

وسیم خان نے کہا کہ ایک ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے ہم نے اپنے فیصلےکا دوبارہ جائزہ لینے کے بعد اس پرفوری نظرثانی کی اور نوٹسز کو فوری طور پر واپس لے لیا۔انہوں نے کہا کہ اس دوران پی سی بی اپنی ری اسٹرکچرنگ کا عمل جاری رکھے گا اور اس حوالے سے اپنے ملازمین کی معقول تعداد کویقینی بنانے کے لیے معقول وقت پر ضروری فیصلے کرے گا۔ملک بھر میں پی سی بی کے ملازمین کی مجموعی تعداد 710 ہے، جس میں سے لاہور میں 361 اور کراچی دفتر میں 70 ملازمین ہیں۔خیال رہے کہ پی سی بی نے رواں ہفتے کئی ملازمین کو نوکری سے نکالنے کا نوٹس جاری کردیا تھا۔

تعارف: newseditor