لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے بند دروازوں میں انعقاد کے مخالف سابق قومی کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ عالمی کپ جیسا ایونٹ شائقین کے بغیر کرانے کا آئیڈیا ہرگز اچھا نہیں کیونکہ میگا ایونٹس شائقین کی بڑی تعداد کے باعث ہی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں تماشائیوں کی موجودگی ایک مخصوص ماحول بناتی ہے
جس کا خالی میدانوں میں کوئی امکان نہیں ہے۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ذاتی طور پر وہ بند دروازوں کی کرکٹ کو بہتر آئیڈیا نہیں سمجھتے کیونکہ دنیا بھر کے شائقین اپنی ٹیموں کی حمایت کیلئے میدانوں تک پہنچتے ہیں جن کے بغیر ورلڈ کپ کا تصور بھی ممکن نہیں ہے کیونکہ بند دروازوں میں وہ ماحول ہی نہیں بن سکے گا
جس کے کھلاڑی عادی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے انعقاد کیلئے مناسب وقت کا انتظار کرنا چاہئے جب عالمی وبا میں کمی واقع ہو جائے اور حالیہ پابندیوں میں نرمی کردی جائے کیونکہ اسی صورت میں ورلڈ کپ کا شایان شان انعقاد ممکن ہو سکتا ہے۔وسیم اکرم کہا کہ آئی سی سی گیند کو چمکانے کیلئے قابل عمل متبادل بھی تلاش کرے تاکہ باؤلرز کی مشکلات میں کمی آسکے۔