کرکٹ بورڈ ویلفیئر فنڈ سے ملک کے 161 سٹیک ہولڈرز کی مالی ماونت

لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویلفیئر فنڈ سے ملک کے51 شہروں کے 161 سٹیک ہولڈرز کی مالی معاونت کی تصدیق کردی ہے جن کو کورونا وائرس کےدوران کھیل کی مقامی سرگرمیاں معطل ہونے سے مالی مشکلات کا سامنا تھا اور پی سی بی نے ان کی مالی امداد کا اعلان کیا تھا۔واضح رہے کہ اس ‘‘ون ٹائم سکیم’’ سے فائدہ اٹھانے والے فرسٹ کلاس کرکٹرز،میچ آفیشلز،سکوررز اور گراؤنڈ سٹاف کا تعلق کراچی،لاہور اور راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف 51 شہروں سے ہے جن کو لاک ڈاؤن کے دوران غیر معمولی حالات میں معاشی طور پر دھچکا لگا تھا۔واضح رہے کہ 93 گراؤنڈزمین،31 سکوررز،21 میچ آفیشلز اور 16 فرسٹ کلاس کرکٹرز نے سکیم سے فائدہ اٹھایا

جن کیلئے مختلف اہلیت رکھی گئی تھی جس کے تحت سیزن2018-19میں شرکت کرنے یا پانچ سیزن کے دوران کم از کم پندرہ میچز کھیلنے والے فرسٹ کلاس کرکٹرز کو 25 ہزار روپے اور گزشتہ دو سیزن کے دوران فرائض ادا کرنے والے میچ آفیشلز کو پندرہ ہزار روپے فی کس رقم دی گئی جبکہ سکوررز اور گراؤنڈ سٹاف کے عملے کو دس،دس ہزار روپے ادا کئے گئے۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں بورڈ کو اپنے عمل سے ثابت کرنا تھا کہ وہ سٹیک ہولڈرز کے ساتھ کھڑا ہے اور ویلفیئر فنڈ سے ان افراد کو فائدہ پہنچایا گیا جو ماضی میں پی سی بی سے منسلک رہے اور ایک ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے ان کی مالی معاونت کی گئی۔وسیم خان کے مطابق اگرچہ یہ ادائیگیاں محض علامتی امداد ہیں لیکن موجودہ غیرمعمولی حالات میں مالی نقصانات کو کم سے کم کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کی گئی ہے۔

error: Content is protected !!