ٹیم کی کپتانی اپنے ساتھ کئی چیلنجز اور خطرات بھی لے کر آتی ہے،مدثر نذر

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)پی سی بی کے سابق ڈائریکٹر آف اکیڈمیز اور ماضی کے اوپننگ بیٹسمین مدثر نذر نے بابر اعظم کو قیادت گنوانے کی پریشانی میں مبتلا نہ ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی کپتانی اپنے ساتھ کئی چیلنجز اور خطرات بھی لے کر آتی ہے۔مدثر نذر کا کہنا تھا کہ کپتانی کے ٹاپ کرکٹرز پر مختلف اثرات مرتب ہوتے ہیں جن میں سے کچھ پہلے سے زیادہ بہتر پلیئر بن جاتے ہیں جبکہ کچھ کو مسائل درپیش رہتے ہیں لیکن مضبوط کردار کے مالک بابر اعظم چونکہ جونیئر لیول سے قیادت کرتے آرہے ہیں لہٰذا ان کیلئے یہ امتحان نیا نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ کپیل دیو یا ایان بوتھم کی طرح کامیاب نہیں رہتے تو بابر اعظم قیادت سے الگ ہو جائیں جو ان کیلئے بڑی بات نہیں ہو گی کیونکہ وہ بطور بیٹسمین پاکستانی شائقین کو خوشیاں فراہم کر سکتے ہیں۔مدثر نذر کا کہناتھاکہ بابراعظم ایک کلاس پلیئر ہے ، اگر اسے کپتانی کے دباؤ نے متاثر کیا تو وہ اپنی صلاحیتوں کا صحیح استعمال نہیں کرسکے گا جو اس کے کیریئر کیلئے بھی خطرناک ہوگا ۔انڈر 13اور انڈر 15بلےباز اس وقت بابرا عظم کو اپنا ہیرو مانتے ہیں اور ان کی بیٹنگ تکنیک اور سٹائل کواپنانے کی کوشش کرتےہیں ، ان کا صحیح رول ماڈل بننے کیلئے بابرا عظم کو خودکو ثابت کرناپڑے گا ۔

error: Content is protected !!