کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی جیت کو 3 سال مکمل ہونے پر اپنے بیٹے عبداللہ کی ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اُن کا بیٹا اب تک 5 بار چیمپئنز ٹرافی کا فائنل دیکھ چکا ہے۔سرفراز احمد کی جانب سے جاری ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سابق کپتان عبداللہ سے چیمپئنزٹرافی کے حوالے سے سوالات کر رہے جس کا جوابات وہ انتہائی تیزی سے دے رہا ہے۔
سرفراز احمد بیٹے عبداللہ سے سب سے پہلے سوال کرتے ہیں کہ ’عبداللہ آج کے دن ہم کیا جیتے تھے؟‘ جس کے جواب میں عبداللہ ’چیمپئنزٹرافی‘ کہتا ہے اور اگلے سوال کہ پاکستان نے آج کے دن کس کو ہرایا تھا کے جواب میں ’بھارت‘ کہتا ہے۔چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میچ میں سینچری کس نے اسکور کی تھی کے جواب میں عبداللہ نے معصومانہ انداز اپناتے ہوئے فخر زمان اور نصف سینچری اسکور کرنے والوں کے جواب میں عبداللہ نے اظہر علی اور محمد حفیظ کا نام لیا۔
میچ میں وکٹس لینے والے کھلاڑیوں سے متعلق سوال میں سرفراز احمد کے بیٹے عبداللہ نے شاداب خان، محمد عامر اور حسن علی کا نام لیا۔سرفرازاحمد کی جانب سے شیئر کئے گئے اس منفرد ویڈیو کو ساتھی کھلاڑیوں سمیت مداحوں کی جانب سے پسند کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ آج کے دن تین سال قبل پاکستان نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی سنہ 2017 کے فائنل میں دفاعی چیمپیئن بھارت کو ناقابلِ یقین شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹرافی جیتی تھی۔ پاکستان نے اوول میں کھیلے گئے چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کو 180 رنز سے شکست دی تھی۔