لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ اسپورٹس سائنسز ڈاکٹر سہیل سلیم کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ آنے کے بعد انہیں لاہور بلایا جائے گا، جبکہ انگلینڈ جاکر وہاں کے پروٹوکول فالو کئے جائیں گے ۔ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ اسپورٹس سائنسز پی سی بی ڈاکٹر سہیل سلیم نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ کھلاڑیوں کا دوسرا کورونا ٹیسٹ 25 جون کو ہو گا جبکہ انگلینڈ میں 3 روز کے وقفے کے بعد بھی ٹیسٹنگ ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ پی سی بی نے شعیب ملک کو ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ نہ جانے کی اجازت دے رکھی ہے اس لیے ان کا اسکواڈ کے ساتھ کوویڈ 19 ٹیسٹ نہیں ہوگا ۔ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا کہ پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی بھی انگلینڈ روانگی سے قبل ٹیسٹنگ کے مرحلے سے گزریں گے ۔ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا کہ بائیو سیکور ماحول میں رکھنے کا مقصد ہی سماجی فاصلے رکھنا ہے، تاہم اگر کسی کھلاڑی کی برطانیہ میں کورونا کی تصدیق ہوئی تو اسے آئسولیٹ کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کورونا پازیٹیو آنے پر کھلاڑی 7 روز آئسولیٹ رہے گا، مزید ٹیسٹ پر بھی نتیجہ مثبت رہا تو واپس بھجوایا جائے گا۔قومی ٹیم 28 جون کی صبح 80 نشستوں والے خصوصی جہاز سے مانچسٹر جائے گی اور ووسٹر شائر یا ڈربی میں پندرہ دن کا قرنطینہ مکمل کرے گی۔واضح رہے کہ انگلینڈ بورڈ اگلے دو روز میں سیریز کے باضابطہ شیڈول کا اعلان کرے گا، دونوں ٹیموں کے مابین 3 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔