ہرارے(سپورٹس لنک رپورٹ)قومی ٹیم کے سابق بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے انکشاف کیا ہے کہ میرے مشوروں سے تنگ آکر یونس خان نے میری گردن پر چھری رکھ دی تھی۔گرانٹ فلاور کا کہنا ہے کہ 2016 میں دورہ آسٹریلیا میں سیریز کے دوران یونس خان کو ٹپس دے رہا تھا کہ اس دوران وہ آپے سے باہر ہوگئے اور میری گردن پر چھری رکھ دی۔سابق بیٹنگ کوچ کا کہنا تھا کہ یونس خان کی اس حرکت پر اس وقت کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بیچ بچاؤ کرایا تھا۔
گرانٹ فلاور ان دنوں سری لنکا کے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں،ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ یونس خان کا کیریئر مجھ سے کہیں زیادہ بہتر تھا۔ سابق کپتان ایک سخت مزاج شخصیت کے مالک تھے۔ برسبین میں ایک ٹیسٹ میچ کے دوران انہوں نے میرے مشوروں سے بہت زیادہ اختلاف کیا، نوبت یہاں تک پہنچی کہ انہوں نے میری گردن پر چھری رکھ دی،پاس ہی موجود مکی آرتھر کو مداخلت کرنا پڑی۔