پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن و پاکستان سپورٹس بورڈ کے اشتراک سے لاہور میں پہلی نیشنل سائیکلنگ اکیڈمی قائم

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ )پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے اشتراک سے لاہور میں ملک کی پہلی نیشنل سائیکلنگ اکیڈمی قائم کر دی گئی‘اس حوالے سے پاکستان سپورٹس بورڈ اور پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے‘ نشتر سپورٹس کمپلیکس میں واقع پاکستان کے واحد ویلیو ڈروم میں ٹوٹ پھوٹ کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے‘ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن اس نیشنل لیول کی اکیڈمی میں ٹیکنیکل اور کوچنگ کی سہولیات فراہم کرئے گی جبکہ کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کوچنگ سنٹر لاہور میں کرائی جا سکے گی

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے ہمیشہ سے پاکستانی کھیلوں کی ترقی کے لیے اقدامات کیے ہیں‘ پی ایس بی کوچنگ سنٹر لاہور کے ڈائریکٹر نصراللہ رانا نے کہا کہ نشتر سپورٹس کمپلیکس میں واقع پاکستان سپورٹس بورڈ کی زمین پر کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیئے ہیں‘ حکومتی خزانے کا ایک بھی روپیہ خرچ کرنے کی بجائے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کی جا رہی ہیں

پاکستان کی پہلی نیشنل سائیکلنگ اکیڈمی کے قیام سے پاکستان میں سائیکلنگ کو فروغ حاصل ہوگا۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری نثار احمد کا کہنا تھا کہ دو سے تین سالوں میں پاکستان کی نیشنل سائیکلنگ اکیڈمی سے ہمیں نیا ٹیلنٹ ملنا شروع ہو جائے گا جسے ہم یو سی آئی کے کوالیفائیڈ لیول ون اور لیول ٹو کوچز سے تربیت دلوائیں گے‘ انٹرنیشنل سائیکلنگ فیڈریشن کی لیول ون پاکستانی خاتون کوچ ماہم ملک کا کہنا تھا کہ اس اکیڈمی کے قیام کا مقصد نوجوان مرد و خواتین کھلاڑیوں کو سائیکلنگ کا بہترین ماحول پیدا کر کے دینا ہے۔

تعارف: newseditor