پاکستان سکواش فیڈریشن کا ٹاپ 30سینئر اور جونیئر قومی کھلاڑیوں کو تربیت دینے کا فیصلہ

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سکواش فیڈریشن نے ٹاپ 30سینئر اور جونیئر قومی کھلاڑیوں کو تربیت دینے کا فیصلہ کیا ہے، قومی کھلاڑیوں کی تربیت حکومت کی اجازت سے مشروط ہے، اجازت ملنے کے بعد کھلاڑیوں کو حکومت کی جانب سے ایس او پیز کے تحت فزیکل فٹنس تربیت دی جائے گی۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر اور سابق عالمی چیمپئن قمر مان نے بتایا کہ فیڈریشن نے قومی کھلاڑیوں کو فزیکل فٹنس پروگرام مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ٹاپ 10سینئر اور ٹاپ 20جونیئر کھلاڑیوں کو اس پروگرام کے تحت تربیت کے لئے مدعو کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ قومی کھلاڑیوں کی پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں تربیت حکومت کی اجازت سے مشروط ہے۔

حکومت کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد ایس او پیز کے تحت تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں گزشتہ چار ماہ سے بین الاقوامی سرگرمیاں معطل ہیں اور پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن اور انٹرنیشنل سکواش فیڈریشن نے 6ماہ تک تمام سکواش کی سرگرمیاں معطل کر رکھی ہیں۔قمر زمان نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں تمام کھیلوں بالخصوص سکواش کھیل کو نقصان ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکواش ایسا کھیل ہے جس میں کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس برقرار رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے اور ہر کھلاڑی کو کم سے کم روزانہ 6گھنٹے پریکٹس لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے دوران کھلاڑی اپنا فٹنس لیول برقرار رکھنے کے لیے انفرادی طور پر پریکٹس حاصل کر رہے ہیں جبکہ اب فیڈریشن نے نامور اور باصلاحیت سینئر اور جونیئر ٹاپ 30 کھلاڑیوں کو فزیکل فٹنس پروگرام دینے کا فیصلہ کیا ہے امید ہے حکومت کی جانب سے جلد اس پروگرام کی اجازت مل جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ فیڈریشن ملک میں سکواش کے فروع اور بہتری کیلئے کوشاں ہے اور فیڈریشن نے ملک بھر سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے اکیڈمیاں قائم کر رکھی ہیں جو سابق کھلاڑی ان اکیڈمیوں کو چلا رہے ہیں لیکن وہ اکیڈمیاں بھی کورونا وبا کی وجہ سے بند ہیں امید ہے کہ حالات بہتر ہوتے ہی یہ اکیڈمیاں دوبارہ فعال ہوں گی۔

تعارف: newseditor