لندن (سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کرکٹ ٹیم کےاسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد کا ماننا ہے کہ انگلینڈ میں موجود پاکستانی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کوخود ہی ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرنی ہے۔کورونا کے باعث اسٹیڈیم میں تماشائیوں موجود نہیں ہوں گے انگلینڈ ویسٹ انڈیز ٹیسٹ سیریز بھی بغیر تماشائیوں کے کھیلی جا رہی ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد کاکہنا ہے کہ یہ ٹور غیر معمولی حالات میں ہورہا ہے، یہاں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے تماشائی موجود ہیں اور نہ ہی تجزیہ کرنے کے لیے میڈیا نمائندگان ہیں لہٰذا ان کھلاڑیوں کو اپنے گروپ سے ہی متاثر ہونا ہے اور ایک دوسرے کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دورہ انگلینڈ میں ٹیم مینجمنٹ کی ذمہ داریوں میں سب سے بڑھ کر یہ ہے کہ ہمیں کھلاڑیوں کی ذہنی مضبوطی پر خاص توجہ دینی ہے۔ بولنگ کوچ کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین ماہ بعد گراؤنڈ کا رخ کرنے والے ان کھلاڑیوں کا جوش اور جذبہ دیدنی ہے، اسکواڈ میں شامل تمام لڑکے بہت پرجوش ہیں اور وہ بھرپور لگن سے نیٹ پریکٹس کرنے میں مصروف ہیں۔مشتاق احمد نے کہا کہ کھلاڑیوں کو کورونا کے پروٹوکولز سے مکمل آگاہ کر رہے ہیں جس میں گراؤنڈ میں سے فاصلہ رکھنا اورگیند کو تھوک سے نہ چمکانا ہے کیونکہ ماضی میں اسپنرز عموماََ گیند کو تھوک سے ہی چمکاتے تھے تاہم ان حالات میں متبادل آپشنز کو ان کی یاداشت کا مکمل حصہ بنانے کے لیے کوشش کی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے خوش آئند عمل یہ ہے کہ قومی اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف ایک دوسرے کی مکمل حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، یقین ہے کہ درجہ بدرجہ کھلاڑیوں کی کھیل میں واپسی مفید ثابت ہوگی۔پاکستان کرکٹ ٹیم ان دنوں وورسٹر کے بائیو سیکیور ماحول میں قرنطینہ کر رہی ہے جہاں وہ ہیڈ کوچ مصباح الحق کی زیرنگرانی مختلف تربیتی سیشنز اور انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچز کھیلنے میں مصروف ہے۔ 5 اگست سے شروع ہونے والی تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے انگلینڈ میں موجود پاکستان ٹیم 14 روز قرنطینہ میں گزارنے کے بعد 13 جولائی کو ڈربی شائر روانہ ہوگی۔