پہلے مرحلے میں واپس کئے گئے ٹکٹوں کی مالیت کتنی تھی؟

دوسرے مرحلے کا آغاز چھ اگست سے ہوگا جس میں ملتوی ہونے والے پلے آفس اور فائنل کے ٹکٹوں کو ری فنڈ کیا جائے گا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں بارش سے متاثرہ ہونیوالے اور کورونا وائرس کی وجہ سے بغیر کراؤڈ ہونیوالے میچز کی ٹکٹوں کے ری فنڈ کا مرحلہ شروع ہوگیا ہے، ری فنڈ کے پہلے روز پی سی بی نے شائقین کرکٹ کے ایک کروڑ روپے لوٹا دیئے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فائیو کے میچز کے ٹکٹ ری فنڈ کیلئے دو مراحل کا اعلان کیا تھا، پہلا مرحلہ پیر کوشروع ہوا جس میں کورونا وائرس کی وجہ سے بغیر کراؤڈ کے منعقد ہونے والے پانچ میچز اور 29 فروری کو راولپنڈی میں بارش کی وجہ سے نہ ہونیوالے میچ کے ٹکٹ ری فنڈ کئے گئے،ان ٹکٹوں کی مجموعی قیمت ایک کروڑ 9 ہزار پچاس روپے بنتی ہے۔

پی سی بی کے اعلان کے مطابق ٹکٹوں کی واپسی کا پہلا مرحلہ پانچ اگست تک جاری رہے گا، دوسرے مرحلے کا آغاز چھ اگست سے ہوگا۔ جس میں ملتوی ہونے والے پلے آفس اور فائنل کے ٹکٹوں کو ری فنڈ کیا جائے گا۔کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل کے آخر کے پانچ میچز بغیر کراؤڈ کے کروانے پر مجبور ہوا تھا جبکہ کوالیفائرز اور پلے آف کو پہلے سیمی فائنلز میں تبدیل اور پھر بعد میں ان میچز کو بھی ملتوی کردیا گیا تھا۔پی سی بی ملتوی ہونے والے میچز نومبر میں کرانے کا ارادہ رکھتا ہے اور ری شیڈول ہونے کی صورت میں ان میچز کے ٹکٹ از سر نو فروخت کئے جائیں گے۔

تعارف: newseditor