آن لائن تربیتی ورکشاپس افسران کو سکھانے کے لئے بہترین پلیٹ فارم ہے،سیکرٹر ی سپورٹس ، احسان بھٹہ
راولپنڈی میں 16جولائی، ساہیوال میں22 ،بہاولپور میں 27 ، ملتان میں 6اگست ، سرگودھا میں 11، گوجرانوالہ میں19 ، لاہور میں 25 ، فیصل آباد میں یکم ستمبر اور ڈیرہ غازی خان میں 10 کوورکشاپس ہو ں گی ، ماہرین افسرا ن کو لیکچرز دیں گے
لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ)صوبائی وزیر کھیل، امور نوجوانان، آثار قدیمہ و سیاحت رائے تیمور خان بھٹی نے یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیراہتمام ڈویژن سطح پر افسران کی تربیت اور سپورٹس سے متعلق مختلف امور پر آن لائن تربیتی ورکشاپس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ احسن اقدام ہے،پنجاب کے 9ڈویژنز میں مرحلہ وار آن لائن تربیتی ورکشاپ منعقد ہوں گی جو16جولائی سے شروع ہونگی اور 10ستمبر تک جاری رہیں گی ، ان ورکشاپس سے علاقائی کوچز، تحصیل سپورٹس افسران ، ڈسٹرکٹ افسران اور نئے افسران کو سیکھنے کا موقع ملے گا، تربیتی ورکشاپ سے نئے افسران کو سپورٹس کے جدید امور سے آگاہی حاصل ہوگی،آ ن لائن تربیتی ورکشاپ سے افسران کی کارکردگی بہتر ہوگی، آ ن لائن تربیتی ورکشاپ میں ماہرین افسران کو لیکچرز دیں گے۔
سیکرٹر ی سپورٹس ، یوتھ افیئرز، آرکیالوجی اینڈ ٹورازم پنجاب احسان بھٹہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ڈویژن کی سطح پر آن لائن تربیتی ورکشاپس افسران کو سکھانے کے لئے بہترین پلیٹ فارم ہے جس پر اخراجات بہت کم ہوتے ہیں اور افسر اپنے آفس میں بیٹھ کر ماہرین کے تجربے سے استفادہ کرسکتے ہیں، آن لائن تربیتی ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد افسران کو کام کے طریقہ کار اور سپورٹس میں ہونے والی تبدیلیوں سے آگاہی دینا ہے، افسران محنت اور لگن سے ان ورکشاپس میں حصہ لیں۔
شیڈول کے مطابق راولپنڈی میں 16جولائی کو سپورٹس اینڈ فٹنس، 22جولائی کو ساہیوال میں ریسکیو آپریشن اور سپورٹس میں چوٹ لگنے پر فرسٹ ایڈ دینے کے طریقے،بہاولپور میں 27 جولائی کو سپورٹس میں بائیومکینکس کے کردار، ملتان میں 6اگست کو سپورٹس اخلاقیات اور سپورٹس میں فیئر پلے ، سرگودھا میں 11اگست کو سپورٹس میں ڈوپنگ کی تاریخ اور اس کو روکنے کے عمل، گوجرانوالہ میں 19اگست کو پاکستان میں سپورٹس کا زوال، لاہور میں 25 اگست کو سپورٹس ایڈمنسٹریشن، فیصل آباد میں یکم ستمبر کو جدید دور میں کوچنگ،ڈیرہ غازی خان میں 10ستمبر کو سپورٹس موٹیویشن کے موضوعات پر آن لائن تربیتی ورکشاپ ہو ں گی جس میں ماہرین افسرا ن کو لیکچرز دیں گے۔