لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے دوران گراؤنڈ اسٹاف کی انتھک محنت کو سراہتے ہوئے، ان کے لیے مالی انعام کا اعلان کیا ہے۔
لاہور، کراچی، راولپنڈی اور ملتان کے اسٹیڈیمز کے گراؤنڈ اسٹاف میں شامل 63 افرادپر مشتمل عملے کو احسن انداز میں ذمہ داریاں نبھانے پر بونس دینے کا اعلان کیا ہے۔ ان 63 افراد کو ماہ اگست میں ان کی تنخواہ کا 50 فیصد اضافی حصہ انہیں بطور بونس دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ پی سی بی نے ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے گراؤنڈ اسٹاف کے عملے میں شامل 5 افرادکے لیے 10 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
رواں سال پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کرواکے تاریخ رقم کی تھی تاہم کوویڈ 19 کی وباء کے سبب ایونٹ کے پلے آف میچز اور فائنل ملتوی کرنے پڑے تھے۔
گراؤنڈ اسٹاف کے ان 68 رکنی عملے کی انتھک محنت کی بدولت شائقین کرکٹ کو ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دوران اعلیٰ معیار کے کرکٹ مقابلے دیکھنے کو ملے۔ گراؤنڈ اسٹاف کی جانب سےمعیاری پچز اور آؤٹ فیلڈ کی شاندار تیاری کے سبب ملک کے چاروں سنٹرز پر شائقین کرکٹ کی حاضری مجموعی طور پر 87 فیصد رہی۔
سلمان نصیر، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی:
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ اگرچہ کرکٹ میچز کو خوشگوار انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں گراؤنڈ اسٹاف کا کردار انتہائی اہم ہے مگر پھر بھی یہ ایسی ملازمت ہے جس کی ستائش نہیں کی جاتی، لہٰذا یہ بہت ضروری ہے کہ ان کے کام کو سراہاجائے اور انہیں اس کا انعام بھی دیاجائے۔
سی او او پی سی بی نے کہا کہ ہمارے گراؤنڈ اسٹاف نے خراب موسم کا سامنے کرنے کے باوجود رواں سال کے آغاز میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دوران شاندار اور مثالی کام کیا۔انہوں نے کہا کہ اس عملے نے اپنی سخت محنت اور لگن کی بدولت شاندار پچز اور آؤٹ فیلڈ تیار کیں جس کی بدولت شائقین کرکٹ کو ایونٹ کے دوران بہترین ٹی ٹونٹی کرکٹ دیکھنے کو ملی۔
سلمان نصیر نے مزید کہا کہ ایک طویل عرصے بعد ہم اپنی تمام تر کرکٹ ملک میں واپس لانے کی کوشش کررہے ہیں اور جس انداز سے ہمارا گراؤنڈ اسٹاف کام کررہا ہے، اس سے پرستاروں کو آئندہ بھی کرکٹ کے شاندار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔