اوکاڑہ میں خاور شاہ یوتھ بیس بال اکیڈمی قائم کردی گئی

 پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے یوتھ بیس بال اکیڈمی کا افتتاح کیا

اوکاڑہ(پرویز شیخ)پاکستان فیڈریشن بیس بال کے چیئرمین شوکت جاوید کے احکامات کے مطابق اوکاڑہ میں پہلی خاور شاہ یوتھ بیس بال اکیڈمی قائم کردی گئی۔پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے یوتھ بیس بال اکیڈمی کا افتتاح کیا۔

فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل شیخ مظہر احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے پاکستان میں اسپورٹس کی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں اور گورنمنٹ ٹریننگ کیمپس کا انعقاد بھی نہیں کررہی جبکہ پاکستان کی یوتھ بیس بال ٹیموں نے ا س سال انڈر 12اور انڈر18 ایشین بیس بال چیمپئن شپس میں شرکت کرنا ہے۔ کھلاڑیوں کی ٹریننگ نہ ہونے کی وجہ سے فیڈریشن کے چیئرمین شوکت جاوید صاحب نے ملک کے مختلف شہروں میں یوتھ بیس بال اکیڈمیز قائم کرنے کا حکم دیا۔ اس سلسلے میں اوکاڑہ میں خاور شاہ بیس بال اکیڈمی کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ جس کے مہمانان خصوصی صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال سید فخر علی شاہ،ڈین فیکلٹی آف اسلامک سٹڈیز پنجاب یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر محمد حماد لکھوی  اور گورنمنٹ کالج سول لائنز لاہور کے پروفیسر اعجاز احمد تھے۔

اس موقع پر۔پاکستان فیڈریشن بیس بال کے نائب صدر ڈاکٹر محمد حمود لکھوی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ ان کے ہمراہ  دیگر مہمانوں میں چیئرپرسن ویمن ونگ پاکستان فیڈریشن بیس بال مس سعدیہ علوی، عامر امداد (بیٹنگ کوچ)، سہیل احمد بھٹی (قصور)، ساہیوال ڈویژن بیس بال ایسوی ایشن کے انجینئر محمد اعظم بھٹی (چیئرمین)

طارق ندیم (سیکرٹری جنرل)، محمد زید لکھوی (فنانس سیکرٹری)، راحت عباس ظہیر دولہ، پروفیسر حامد یٰسین، احسان فرید، عمران مجید خان، سلیم حیدر (ایگزیکٹو ممبران)، چوہدری عبدالقیوم (ڈویژنل سسپورٹس آفیسر ساہیوال)، نثار الحق (ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر اوکاڑہ)، اسلم شاہ (تحصیل آفیسر اوکاڑہ)، عمیر امداد (کپتان پاکستان بیس بال ٹیم)، سید علی شاہ (کپتان پاکستان یوتھ بیس بال ٹیم)، سید فخر امیر کاظمی (لیگل ایڈوائزر پاکستان فیڈریشن بیس بال)، محمد اسلم، عبدالعزیز (ایگزیکٹو ممبران ڈسٹرکٹ بیس بال ایسوسی ایشن اوکاڑہ) اور علاقے کے دیگر معززین نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خظاب کرتے ہوئے فیڈریشن کے صدر سید فخر علی شاہ کا کہنا تھا کہ فیڈریشن ملک میں یوتھ بیس بال کی ڈیویلپمنٹ کے لئے کام کررہی ہے۔ اس سلسلے میں بحریہ ٹاؤن لاہور کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بریگیڈئیر (ر) خلیل اللہ بٹ کے تعاون سے بحریہ ٹاؤن لاہور میں یوتھ بیس بال اکیڈمی پہلے سے کام کررہی ہے۔

اس اکیڈمی کے کھلاڑیوں نے کئی انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ اس کے علاوہ اس اکیڈمی سے تعلق رکھنے والے سید محمد شاہ نے انڈر 15ایشین بیس بال چیمپئن شپ 2019چائنا میں بیسٹ ہٹر ایوارڈ اور ذیشان امین نے بیسٹ ہوم رن ایوارڈ اور بیسٹ آؤٹ فیلڈر ایوارڈ حاصل کئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اوکاڑہ بیس بال اکیڈمی کے کھلاڑی بھی اسی طرح ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔ سید فخر علی شاہ نے پاکستان فیڈریشن بیس بال کے نائب صدر ڈاکٹر محمد حمود لکھوی کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے اوکاڑہ میں یوتھ بیس بال اکیڈمی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ ڈاکٹر محمد حمود لکھوی نے سید فخر علی شاہ اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اوکاڑہ میں بیس بال کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے۔ اس علاقے کے دو کھلاڑی طارق ندیم اور سلیم حیدر پاکستان کے سینئر ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں اور وہ پاکستان کی جانب سے کئی انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے گولڈ، سلور اور براؤنز میڈل حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے فیڈریشن کے صدر سید فخر علی شاہ کا اکیڈمی میں کھلاڑیوں کی ٹریننگ کے لئے بیس بال کا سامان مہیا کرنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔

تعارف: newseditor