پاکستان ٹیم کم بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،وقاریونس

سائوتھمٹن (سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم زیادہ تجربہ کار نہیں ہے، ہمیں تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا۔قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کا ویڈیو کانفرنس میں کہنا تھا کہ مانچسٹر ٹیسٹ میں شکست کا افسوس ہے، کچھ سیشنز اچھے نہیں کھیلے لیکن پاکستان ٹیم کم بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 5 ماہ سے انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلی جس کا نقصان تو ہوا ہے، پاکستان کے پاس معیاری فاسٹ بولرزہیں، صرف تجربے کی ضرورت ہے، نوجوان فاسٹ بولرزکو وقت ملے گا تو کارکردگی بھی بہتر ہوجائے گی۔وقار یونس کا کہنا تھا کہ اظہر علی ایک بار کپتانی چھوڑ چکے ہیں، کپتان پر ذمہ داری زیادہ ہوتی ہے، اظہر علی آنے والے ٹیسٹ میچز میں اچھی پرفارمنس دیں گے۔ان کاکہنا ہے کہ پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے لیکن چوتھے روز قسمت نے بھی ساتھ نہیں دیا ، ہر شعبے میں کچھ غلطیاں ہوئیں جس کی وجہ سے شکست ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم زیادہ تجربہ کار نہیں ہے، ہمیں تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا، منیجمنٹ بھاری بھرکم ضرور ہے لیکن وہ گراؤنڈ میں تو نہیں اتر سکتی، صرف اچھا پلان بناکر دے سکتی ہے، ڈلیور تو کھلاڑیون نے ہی کرنا ہوتا ہے۔ساوتھمپٹن سے ویڈیو کانفرنس میں پاکستان ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے کہا کہ فی الحال انہوں نے وکٹ نہیں دیکھی، دوسرے ٹیسٹ کیلئے فائنل الیون کا فیصلہ ہیڈ کوچ مصباح الحق ہی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میں شکست کہ ذمہ دار سب برابر کے ہیں، نسیم شاہ نے بولنگ ایکشن تبدیل نہیں کیا ، انگلش بولرز کے تجربے اور پاکستانی بولرز کے تجربے کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا، ٹیم منیجمنٹ اور کھلاڑیوں کو وقت لگے گا۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹآج سے ساؤتھمپٹن میں شروع ہو گا۔خیال رہے کہ میزبان انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

تعارف: newseditor