لندن (سپورٹس لنک رپورٹ) انگلینڈ کے نامور ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک اینڈی مرے کو رواں سال کے دوسرے گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مرکزی ڈرا میں وائلڈ کارڈ سے نوازا دیا گیا ہے۔ 33 سالہ اینڈی مرے نے پہلی مرتبہ 2012ء میں یو ایس اوپن ٹینس کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اینڈی مرے گزشتہ سال کے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے بعد پہلی بار کسی گرینڈ سلام ایونٹ کے مینز سنگلز مقابلے میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
سابق عالمی نمبر ون اینڈی مرے مردوں کے سنگلز مقابلوں میں ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں 129 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ اینڈی مرے کے علاوہ تین بار کی یو ایس اوپن ویمن سنگلز چیمپیئن 37 سالہ کِم کلِسٹر کو بھی رواں سال کے شروع میں دوسری بار ریٹائرمنٹ کے بعد ٹینس میں دوبارہ واپسی پر وائلڈ کارڈ کی پیشکش کی گئی ہے۔33 سالہ اینڈی مرے رواں سال کولہوں اور پنڈلی کی انجری سے چھٹکارے کے بعد اپنی فٹنس کی تشکیل نو میں لگے ہوئے ہیں۔
تین بار گرینڈ سلام کے فاتح مرے سنسناٹی ماسٹرز کھیلنے کا بھی منصوبہ بنا رہے ہیں، جو یو ایس اوپن سے قبل بائیو محفوظ مقام پر 22 اگست سے شروع ہوگا۔ واضح رہے کہ یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 31 اگست سے نیویارک میں شروع ہوگا، کورونا وائرس وبائی بیماری کے بعد یہ پہلا گرینڈ سلام ہوگا جو ایشین فلشنگ میڈو میں مداحوں کے بغیر منعقد ہوگا جس میں کھلاڑیوں کو سخت اقدامات پر عمل کرنا ہوگا۔ مینز سنگلز مقابلوں کے دفاعی چیمپئن ہسپانوی ٹینس سٹار رافیل نڈال نے کورونا وائرس کے پھیلائو کے خدشے کے پیش نظر میگا ایونٹ میں شرکت سے انکار کر دیا ہے جبکہ آسٹریلوی خاتون کھلاڑی اور عالمی نمبر ایک ایشلے بارٹی نے بھی دستبرداری اختیار کرچکی ہیں۔