لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)زمبابوے نے قبل از وقت دورہ پاکستان کیلئے رضامندی ظاہر کر دی، دونوں ممالک کے درمیان نومبر میں شیڈول کرکٹ سیریز کا انعقاد اکتوبر کے ماہ میں ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ زمبابوے کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے دورے کیلئے اپنی کرکٹ ٹیم بھیجنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ زمبابوے کرکٹ بورڈ پاکستان میں قبل از وقت سیریز کھیلنے کیلئے تیار ہے۔
اس حوالے سے زمبابوے کرکٹ بورڈ نے اپنی حکومت سے اجازت طلب کی ہے کہ کرکٹ ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنے کی اجازت دی جائے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس اکتوبر کی ونڈو خالی ہے۔ پی سی بی اکتوبر میں زمبابوے کی میزبانی کرنے کا خواہاں ہے۔ دونوں ملکوں کی کرکٹ سیریز نومبر میں شیڈول ہے، جسے اکتوبر میں کروانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ پی سی بی نومبر میں پی ایس ایل کے بقیہ میچز کے انعقاد کیلئے منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ معاملات طے پا جانے کے بعد کرونا وائرس بحران کے دوران پاکستان میں کھیلی جانے والی یہ پہلی کرکٹ سیریز ہوگی۔