اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کھیلوں کی ترویج حکومت کی ترجیح ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر صحافی اور ایشین سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل امجد عزیز ملک سے ملاقات میں کیا جنہوں نے ان سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔امجد عزیز ملک نے صدر مملکت کو اپنی کتاب خیبر پختونخوا اور کرکٹ 70 سال کے علاوہ چینی ثقافتی مرکز کی سرگرمیوں سے متعلق میگزین چائنہ ونڈو اور کھیلوں سے متعلق میگزین سنڈے سپورٹس پیش کیا۔
صدر مملکت نے امجد عزیز ملک کی کارکردگی خاص طور کھیلوں کی صحافت میں نمایاں خدمات کی تعریف کی اور یقین ظاہر کیا کہ بین الاقوامی سطح پاکستان کا سافٹ امیج سامنے لانے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ امجد عزیز ملک نے صدر مملکت کو پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے بارے تفصیل سے آگاہ کیا اور بتایا کہ یہ مرکز عوامی سطح ہر پاک چین دوستی کے حوالے سے قابل قدر خدمات انجام دے رہا ہے ۔ انہوں نے صدر مملکت کو بھی اپنے دورہ پشاور کے دوران چائنہ ونڈو کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ امجد عزیز ملک نے صدر عارف علوی کو سپورٹس جرنلسٹس کی عالمی تنظیم اے آئی پی ایس اور ایشین سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن سے متعلق بھی آگاہ کیا۔