لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے مشکل اور غیرمعمولی حالات میں انگلینڈ کا دورہ مکمل کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم کے 44 رکنی اسکواڈ کا شکریہ ادا کیا ہے۔وسیم خان نے سفری طور پر محدود دس ہفتوں پر مشتمل اس ٹورمیں کوویڈ19 پروٹوکولز پر عملدرآمد کرنے پر اسکواڈ میں شامل اراکین کو مبارکباد بھی پیش کی ہے۔
وسیم خان، چیف ایگزیکٹو پی سی بی:
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ وہ ان مشکل ترین اور غیرمعمولی حالات میں کرکٹ کی بحالی کی غرض سے بہادری، قربانی اور عزم کا مظاہرہ کرنے والے ہر کھلاڑی اور اسپورٹ اسٹاف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف پی سی بی بلکہ دنیا بھر میں موجود کرکٹ برادری اورشائقین اس عمل کو سراہنے کے ساتھ ساتھ ان کی تعریف کررہے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ مشکل وقت میں اپنے پیاروں اور قریبی افراد کےساتھ وقت گزارنا انسانی جبلت ہے مگران کھلاڑیوں نے ملک اور کھیل کے وسیع تر مفاد کی خاطر اس دورے کے لیے رضامندی کا اظہار کیا۔
وسیم خان نے کہا کہ کوویڈ19 کی وباء کے پھیلاؤ کے سبب دستبرداری کی آپشن کے باوجود ان کھلاڑیوں کی جانب سے اڑھائی ماہ کے لیے شیڈول اس ٹور کے لیے آمادگی ظاہر کرنے پر وہ بہت فخر محسوس کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس دورے پر ہمارے کھلاڑیوں نے نہ صرف مسابقتی کرکٹ کھیلی بلکہ بھرپور مقابلہ کیا جس سے پاکستان، کرکٹ اور پی سی بی کی ساکھ میں اضافہ ہوا، اگرچہ تاریخ اس دورے کو کئی مواقع گنوانے سے یاد رکھے گی مگر یہاں یہ بھی یاد رکھا جائے گا کہ ان شاندار کرکٹرز نے اس دورے کے لیے کرکٹ اور قومی مفاد کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ ان جیسے کھلاڑیوں کی موجودگی میں پاکستان میں کرکٹ کا مستقبل محفوظ اور روشن ہے۔
وسیم خان نے کہا کہ وہ اپنے کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کی آج بخیر وعافیت وطن واپسی کے لیے دعاگو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس موقع پر ٹیم کی شاندار میزبانی کرنے پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرنا چاہیں گے، ان کا بھرپور خیال رکھا گیا اور انہیں بہترین سہولیات فراہم کی گئی۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ اب ہم آئندہ چند ماہ ای سی بی کے ساتھ مل کر انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے 2022 میں دورہ پاکستان پر کام کرنے کے منتظر ہوں گے۔