پی سی بی نے 208 میچوں پر مشتمل ڈومیسٹک سیزن 21-2020کا شیڈول جاری کردیا

• قومی ٹی ٹونٹی کپ کافرسٹ الیون ٹورنامنٹ 30 ستمبر سے 18 اکتوبر تک ملتان اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا،یکم سے 8 اکتوبر تک جاری رہنے والے قومی ٹی ٹونٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کی میزبانی لاہور کے سپرد
• قومی انڈر19 کرکٹ کے مقابلے13 اکتوبر سے29 نومبر تک لاہور، مریدکے اورشیخوپورہ میں ہوں گے
• قائداعظم ٹرافی کے فرسٹ کلاس میچز25 اکتوبر سے کراچی میں شروع ہوں گے،اسی مقام پر نان فرسٹ کلاس میچز کا آغاز 18 اکتوبر سے ہوجائےگا
• پاکستان کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ 8 سے 31 جنوری تک کھیلا جائے گا، اس فارمیٹ میں سیکنڈالیون ٹیموں کا ٹورنامنٹ16سے 24 دسمبر تک جاری رہے گا
• ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے بقیہ میچز 14،15 اور 17 نومبر کو لاہور میں ہوں گے
• ڈومیسٹک انٹرنیشنل میچوں، ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021، ویمنز، انڈر13 اور ا نڈر16کے مقابلوں کی تفصیلات بھی بعد میں جاری کی جائیں گی
• میچوں کے براڈکاسٹ اور لائیو اسٹریم سے متعلق تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی، مقابلوں کے دوران کوویڈ19کے پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد ہوگا

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ شیڈول کی تیاری اس انداز سے کی گئی ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کرکٹرزکے لیے فرنچائز کرکٹ اور قومی ٹیموں میں جگہ بنانا مزید آسان ہوسکے۔

گذشتہ سال کی نسبت حالیہ سیزن میں پی سی بی نے فرسٹ الیون ٹیموں کے مابین کھیلا جانے والا قومی ٹی ٹونٹی کپ اور پاکستان کپ کے میچوں کو ڈبل لیگ کی بنیاد پر کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔اسی طرح قومی انڈر 19 ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ بھی ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا۔اس بنیاد پر ہر ٹورنامنٹ میں تمام چھ ٹیموں کو 10 لیگ میچوں میں شرکت کا موقع ملےگا، جس کے بعد 4 بہترین ٹیموں کے درمیان سیمی فائنلز ہوں گے۔ ایونٹ کی 2 بہترین ٹیمیں فائنل میں مدمقابل آئیں گی۔جونیئر ٹورنامنٹ میں سیمی فائنلز کی بجائے ایونٹ کی ٹاپ 2 ٹیمیں فائنل کھیلیں گی۔

رواں سال ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا آغاز 30 ستمبر سے شروع ہونے والے قومی ٹی ٹونٹی کپ سے ہوگا۔کوویڈ 19 کے سبب ان غیرمعمولی حالات میں شیڈول ایونٹ کا پہلا مرحلہ ملتان اور دوسرا راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ قومی انڈر 19 ایک روزہ ٹورنامنٹ کے میچز 13 اکتوبر سے 2 نومبر تک لاہور، مریدکے اور شیخوپورہ میں کھیلے جائیں گے۔

قومی ٹی ٹونٹی کپ اور قومی انڈر19 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کوستمبر، اکتوبر میں منعقدکروانے کی بڑی وجہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کی نومبر میں شیڈول ڈرافٹنگ کے لیے تمام فرنچائز مالکان کی توجہ ان ابھرتے ہوئے نوجوان اور باصلاحیت کرکٹرز کی طرف مرکوز کرنا ہے۔

سیزن کا اختتام پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ سے ہوگا۔ یہ ایونٹ 8 سے 31 جنوری تک کھیلا جائے گا۔ جس کے بعد فروری، مارچ میں شیڈول ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021 کے مقابلوں کی تیاری کا آغاز ہوجائے گا۔

کوویڈ19 سے متعلق ہدایات کے مطابق قائداعظم ٹرافی کے دوران تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کی نقل و حرکت محدود ہوگی، جس کے سبب ایونٹ کے تمام میچز کراچی میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ کے ماتھے کا جھومر، قائداعظم ٹرافی، کےرواں سال تمام میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کے نان فرسٹ کلاس میچز 18 اکتوبر سے 13 دسمبر تک کھیلے جائیں گے جبکہ فرسٹ کلاس میچز 25 اکتوبر سےپانچ جنوری تک کھیلے جائیں گے۔

قائداعظم ٹرافی اور پاکستان کپ کے وینیو کے لیے کراچی کا انتخاب ملک بھر میں متوقع موسمی صورتحال کو پیش نظر رکھ کر کیا گیا ہے۔ ان دنوں میں ملک کے دیگر شہروں کو عمومی طور پر دھند، اوس اور دیگر حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شیڈول کی تیاری میں پی سی بی نے آئندہ سال 15 اپریل سے شروع ہونے والے ماہ مقدس، رمضان المبارک کی تاریخوں کو بھی پیش نظر رکھا ہے۔

انڈر13، انڈر16اور ویمنز ٹورنامنٹ سمیت ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 ، زمباوے اور جنوبی افریقہ کی سیریز کے میچوں کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ندیم خان، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پی سی بی:

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہےکہ کوویڈ19 کی اس غیریقینی صورتحال میں ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کی تیاری ایک مشکل اور چیلنج سے بھرپور مرحلہ تھا تاہم ہم نے کھلاڑیوں اورکھیل کے معیار کو اعلیٰ مقام پر پہنچانے کی غرض سے اس شیڈول کو تیار کیا۔

ندیم خان کا کہنا ہے کہ اس شیڈول کی تیاری میں ایک واضح حکمت عملی اپنائی گئی اور وہ یہ ہے کہ سینئر اور ایج گروپ ٹورنامنٹ میں وائیٹ بال میچز کی تعداد میں اضافہ کیا گیاہے کیونکہ آئندہ 2سے 3 سالوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو محدود طرز کی کرکٹ کے متعدد مقابلوں میں شرکت کرنی ہے، اس کے علاوہ ان ٹورنامنٹس سے پاکستان کو محدود طرز کی کرکٹ میں اپنی عالمی رینکنگ میں بہتری لانے کا موقع بھی مل جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک میچوں کی تعداد میں اضافے سے تمام کھلاڑیوں کو اس نئے ڈومیسٹک نظام کے تحت نہ صرف اپنی صلاحیتیں دکھانے کے برابر مواقع ملیں گے بلکہ زیادہ کرکٹ سے ان کی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا۔

ندیم خان نے کہا کہ گذشتہ چند ہفتوں سے ہائی پرفارمنس اور ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز نے شیڈول اور ٹیموں کی تیاری کے علاوہ کوچز کی تقرری اور کھیل کی مرحلہ وار واپسی سمیت دیگر اہم امور کی تشکیل کے دوران مسلسل کام کیاجو قابل ستائش ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اب جبکہ شیڈول کی تصدیق کی جاچکی ہےتو انہیں امید ہےکہ تمام ایسوسی ایشنز کے ہیڈ کوچز اپنے کھلاڑیوں کی دستیابی کو پیش نظر رکھتے ہوئے تمام کھلاڑیوں کو روٹیشن پالیسی کے تحت مواقع فراہم کرنے سے متعلق ایک واضح پلان تیارکرلیں گے جس سے پاکستان کرکٹ کو فائدہ ہوگا۔

ڈومیسٹک سیزن 21-2020:

قومی ٹی ٹونٹی کپ (فرسٹ الیون): 33 میچز؛30 ستمبر تا 18 اکتوبر؛ملتان اور راولپنڈی
قومی ٹی ٹونٹی کپ (سیکنڈ الیون): 15 میچز؛ یکم تا 8 اکتوبر؛ لاہور
قومی انڈر19 ون ڈے ٹورنامنٹ: 31 میچز، 13 اکتوبر تا 2 نومبر؛لاہور، مریدکے اور شیخوپورہ
قومی انڈر 19 تین روزہ ٹورنامنٹ: 16 میچز، 5تا29نومبر؛ لاہور، مریدکے اور شیخوپورہ
ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020: 4 میچز، 14، 15 اور 17 نومبر، لاہور
قائداعظم ٹرافی (فرسٹ الیون): 31 میچز، 25 اکتوبر تا5جنوری، کراچی
قائداعظم ٹرافی (سیکنڈ الیون): 30 میچز، 18 اکتوبر تا13 دسمبر، کراچی
پاکستان کپ (فرسٹ الیون): 33میچز، 8تا 31جنوری، کراچی
پاکستان کپ (سیکنڈ الیون): 33میچز، 16 تا 24 جنوری، کراچی

تعارف: newseditor