لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا اگلا چیئرمین بھارت، آسٹریلیا یا انگلینڈ سے نہیں ہونا چاہیے، بِگ تھری کی وجہ سے صرف مالی ماڈل ہی غلط نہیں بلکہ ان تین ممالک نے ایونٹس بھی آپس میں بانٹ لیے ہیں۔غیر ملکی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کا اگلا چیئرمین بھارت، آسٹریلیا یا انگلینڈ سے نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عہدے کے لیے کچھ ڈائریکٹرز نے انہیں پیشکش کی تھی لیکن وہ کبھی اس کے خواہش مند نہیں رہے۔
احسان مانی کا مزید کہنا تھا کہ ہم بھارت سے کرکٹ کھیلے بغیر بورڈ چلا رہے ہیں کیا کرکٹ آسٹریلیا ایسا کرسکتا ہے؟انہوں نے کہا کہ بگ تھری کی وجہ سے صرف مالی ماڈل ہی غلط نہیں بلکہ ان تین ممالک نے ایونٹس بھی آپس میں بانٹ لیے ہیں۔احسان مانی نے کہا کہ بہت سے کرکٹ بورڈ کے ساتھ باہمی سیریز پر بات کررہے ہیں، ورلڈ کپ سمیت آئی سی سی کے 4 ایونٹس کی میزبانی کی خواہش ظاہر کی ہے، پاکستان ٹیم رواں برس نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے لیے بھی تیار ہے کیونکہ ہم دوسرے ممالک کی مدد کرنا ذمہ داری سمجھتے ہیں اور ان سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں۔