• یہ ٹرائلز 11 سے 19 ستمبر تک ایبٹ آباد، کراچی، لاہور، ملتان، کوئٹہ اور راولپنڈی میں جاری رہیں گے
لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ چھ ایسوسی ایشنز کی انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کی تشکیل کے لئے 291 نوجوان کھلاڑیوں کو ٹرائلز میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔
ٹرائلز کا یہ سلسلہ 11 سے 19 ستمبر تک جاری رہے گا۔ ان ٹرائلز کی نگرانی چار رکنی جونیئر سلیکشن کمیٹی کرے گی۔ کمیٹی میں سلیم جعفر، ثناءاللہ بلوچ، وجاہت اللہ واسطی اور توفیق عمر شامل ہیں۔ اس موقع پر تمام ٹیموں کے کوچز اور اسسٹنٹ کوچز بھی سلیکشن کمیٹی کی معاونت کریں گے۔ ٹرائلز کے بعد قومی انڈر 19 ٹورنامنٹس کے لیے اسکواڈز کا اعلان کیا جائے گا۔
یہ ٹرائلز تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز کے اہم سینٹرز میں 2,2 روز تک منعقد کروائے جارہے ہیں۔ سدرن پنجاب اور خیبر پختونخوا کی انڈر 19 ٹیموں کی تشکیل کے لئے ٹرائلز 11 اور 12 ستمبر تک بالترتیب ملتان اور ایبٹ آباد میں ہوں گے۔
سینٹرل پنجاب اور ناردرن کی انڈر 19 ٹیموں کے لیے بالترتیب ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم، راولپنڈی میں دو روزہ ٹرائلز 14 اور 15 ستمبر کو ہوں گے۔ اسی طرح سندھ انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے لیے ٹرائلز 17 سے 18 ستمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوں گے۔
بلوچستان انڈر 19 ٹیم کے لیے بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں شیڈول دو روزہ ٹرائلز18 اور 19 ستمبر کو لیے جائیں گے۔
مندرجہ ذیل بیان کیے گئے معیار کے مطابق کھلاڑیوں کو ٹرائلز کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے:
• جنہوں نے پاکستان انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کی ہو
• جنہوں نے ڈومیسٹک سیزن 20-2019 میں منعقدہ انڈر 19 ٹورنامنٹس کھیلے ہوں
• جنہوں نے ڈومیسٹک سیزنز 19-2018 اور 18-2017 میں منعقدہ انڈر 16 ٹورنامنٹس کھیلے ہوں
• انٹر ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ 19-2018 میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی
اس دوران کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کوویڈ 19 کے پروٹوکولز پر عمل کیا جائے گا۔ جس میں داخلی راستوں پر بخار چیک کرنا، گراؤنڈ کے باہر موجود کھلاڑیوں کا اپنے چہروں کو ماسک سے ڈھانپنا اور سماجی فاصلے سے متعلق ہدایات پر عمل کرنا وغیرہ شامل ہیں۔ کھیل کے سامان کے تبادلے یا گیند پر تھوک لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
قومی انڈر 19 ایک روزہ ٹورنامنٹ اور قومی انڈر 19 تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹس 13 اکتوبر سے 29 نومبر تک لاہور، مریدکے اور شیخوپورہ میں کھیلے جائیں گے۔