کراچی کلب میں ڈیفنس ڈے کپ گھڑ دوڑ

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی ریس کلب میں دی ڈیفنس ڈے کپ کے سلسلہ میں ہونے والی گھڑ دوڑ دیکھی اور ریس کے فاتح کو انعامی کپ دیا۔گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رکن اور پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے صدر، صدر الدین شاہ راشدی، گورنر سندھ کے مشیر علی جونیجو اور رکن صوبائی اسمبلی علی عزیز جی جی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے کراچی کےلئے اعلان کردہ 1100 ارب روپے سے زیادہ کا پیکج کراچی کے مسائل کو حل کرنے میں بہت مددگار ثابت ہوگا۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ انہوں نے اپنی پوری سیاسی زندگی میں شہر قائد کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اس سے زیادہ سنجیدہ کوشش نہیں دیکھی۔انہوں نے کہا کہ کراچی کا شہری ہونے کے ناطے وہ وزیر اعظم عمران خان کے مشکور ہیں جنہوں نے کراچی کے شہریوں کا درد محسوس کرتے ہوئے اپنی اس بات کو سچ کر دکھایا کہ وہ کراچی کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ یہ وقت ایک دوسرے پر الزامات لگانے کا نہیں ہے بلکہ ایک مشترکہ لائحہ عمل کے ذریعہ کراچی کے مسائل حل کرنے کا ہے کیونکہ کراچی کی ترقی میں ہی ملک کی ترقی مضمر ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے اور اسے عملی جامہ پہنانے کے لئے بھی ان کی رائے کو ہر ہر مرحلہ میں شامل رکھا جائے گا۔

error: Content is protected !!