شاہد آفریدی فاونڈیشن نیشنل پی ڈی ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ کا آغاز پیر سے ہو گا

شاہد آفریدی فاونڈیشن نیشنل پی ڈی ٹی20چیمپئن شپ کا پیر سے آغاز

ایونٹ کے لیے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کا تعاون جاری رہے گا،سی ای اورضوان احمد

 ایونٹ نئے فارمیٹ کے تحت ہوگا، عمران بلوانی، توصیف شاہ، امیر الدین اور محمد نظام کی پریس کانفرنس

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) شاہد آفریدی فاونڈیشن نیشنل فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ چیمپئن شپ پیرسے کراچی میں شروع ہوگی،ملک کے مختلف شہروں میں اس کے  میچز کا انعقادقابل تحسین ہے۔

چیمپیئن شپ سے پاکستان بھر کے فزیکل ڈس ایبلڈ کرکٹرز ایک بار پھر اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اپنے شہروں کی نمائندگی کرنے کے ساتھ ساتھ  قومی ٹیم میں جگہ بنانے کی جدوجہد میں مصروف ہونگے۔

شاہد آفریدی فاؤنڈیشن (SAF) کا پاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن (PPDCA) کے ساتھ مستقبل میں بھی تعاون جاری رہے گا، پی پی ڈی سی اے فزیکل ڈس ایبلڈ کرکٹر کے لئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

ان خیالات کا اظہار شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے سی ای او رضوان احمد، عبوری چیئرمین پاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن عمران بلوانی، جنرل سیکریٹری پی پی ڈی سی اے اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر امیر الدین انصاری،

ڈائریکٹر پی پی ڈی سی اے سید توصیف شاہ اور ٹورنا منٹ سیکریٹری محمد نظام نے گزشتہ روزکراچی پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران شاہد آفریدی فاؤنڈیشن نیشنل پی ڈی ٹی20 کرکٹ چیمپئن شپ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کیا۔

پریس کانفرنس کے شرکا نے ایونٹ کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا،اس موقع پر سابق کرکٹرز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

جنرل سیکریٹری پی پی ڈی سی اے اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر امیرالدین انصاری نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ اس مرتبہ چیمپیئن شپ نئے فارمیٹ کے تحت کھیلی جائے گیجو کہ دو حصوں پر مشتمل ہوگی، پہلا حصہ گریڈ ون اور دوسرا گریڈ ٹو کہلائے گا،

گریڈ ون میں سب سے آخری نمبر پر آنے والی ٹیم آئندہ سال گریڈ ٹو میں چلی جائے گی جبکہ گریڈ ٹو کی فاتح ٹیم آئندہ سال گریڈ ون میں شامل ہوگی۔ گریڈ ون میں لاہور، پشاور، اسلام آباد، کوئٹہ، حیدرآباد، کراچی، بہاولپور اور

ملتان جبکہ گریڈ ٹو میں راولپنڈی، ایبٹ آباد، آزاد کشمیر، کے پی کے اسٹار لاڑکانہ، سیالکوٹ، کوئٹہ، بولان اور فیصل آباد کی ٹیمیں شامل ہیں۔

گریڈ ون چیمپیئن شپ کے میچز کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے جبکہ گریڈ ٹو کے میچز فیصل آباد اور اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے۔ 16 ریجنز میں ٹرائلز کے بعد ٹیموں کا انتخاب کیا گیا ہے۔

چیمپیئن شپ کے گریڈ ون کے پہلے مرحلے کے میچوں کا آغاز پیر سے راشد لطیف اکیڈمی میں ہورہا ہے،میچز آٹھ مئی تک سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے جہاں ملتان،کوئٹہ،حیدرآباد اور کراچی کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی۔

گریڈ ون کے پہلے مرحلے کی فاتح ٹیم لاہور میں گریڈ ون کے دوسرے مرحلے کی فاتح ٹیم سے فائنل میں مدمقابل ہوگی۔ گریڈ ون میں شامل لاہور،اسلام آباد،پشاور اور بہاولپور کی ٹیموں کے میچز ریس کورس پارک لاہور میں ہونگے۔

امیرالدین انصاری کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل پی ڈی ٹی20 کرکٹ چیمپیئن شپ میں ایک مرتبہ پھر شاہد آفریدی فاؤنڈیشن (SAF) کے ساتھ ساتھ ہمیشہ کی طرح پاکستان  کرکٹ بورڈ (PCB) کا بھی تعاون حاصل ہے،

جس کے لئے ہم ان اداروں کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے بھرپور تعاون پر دل کی گہرائیوں سے ان کاشکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

error: Content is protected !!