لاہور (رپورٹ: محمد قیصر چوہان)میرٹ کا راگ الاپنے والے پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن انچیف سپورٹس مین وزیراعظم عمران خان کے دور اقتدار میں پی سی بی میں اقرباءپروری عروج پر پہنچ گئی ،ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والی ٹیموں میںسفارشی کھلاڑیوں کی بھر مار ، شاندار کار کردگی دکھانے والے کھلاڑی منہ دیکھتے رہ گئے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کیلئے اعلان کردہ 6 ایسوسی ایشنز کی فرسٹ اور سیکنڈ الیون کرکٹ ٹیموں کی سلیکشن میں اقرباءپروری کی انتہا کرتے ہوئے پسند نا پسند کی بنیاد پر کھلاڑیوں کو سلیکٹ کرکے میرٹ کا قتل عام کیا گیا۔
سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 140 پلس سپیڈ سے گیند کرنے والے باصلاحیت نوجوان فاسٹ بولر محمد علی کو ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین پرفارمنس دکھانے کے باوجود نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے سنٹرل پنجاب کی فرسٹ الیون میں شامل نہیں کیا گیا۔اسی طرح زرعی ترقیاتی بینک کی نمائندگی کرنے والے باصلاحیت بیٹسمین شاہ رخ علی کو کسی بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔فاسٹ بولراحمد بشیر نے دوسال میں ایک فرسٹ کلاس میچ کھیلا لیکن وہ کسی بھی کھلاڑی کو آﺅٹ نہیں کرپائے تھے ،جبکہ انہوں نے سیکنڈ الیون کی جانب سے دو میچز کھیل کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔مایوس کن کارکردگی دکھانے کے باوجود ان کا نام نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں شرکت کرنے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم میں شامل ہے۔فاسٹ بولرصہیب اللہ نے گزشتہ دوسال سے ڈومیسٹک کرکٹ کے کسی بھی فارمیٹ کاکوئی بھی میچ نہیں کھیلا ، انہوں نے اپنا آخری فرسٹ کلاس میچ 2017 میں واپڈا کی طرف سے کھیلا تھا۔لیکن اس کو بھی ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں شرکت کرنے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔فاسٹ بولراحسان عادل نے گزشتہ 10 فرسٹ کلاس میچوں میں مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 15 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا
جبکہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں پنجاب کی سیکنڈ الیون کی جانب سے کھیلتے ہوئے 6 میچوں میں 6 ہی وکٹیں حاصل کیں لیکن اس مایوس کن پرفارمنس کے باوجود بھی اس کو فرسٹ کلاس میچوں کیلئے سنٹرل پنجاب کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔لاہور سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولرحارث بشیر نے گزشتہ برس ڈومیسٹک ون ڈے ٹورنامنٹ کے تین میچوں میں تین ہی کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا ہے ۔حسیب الرحمن نے ڈومیسٹک ون ڈے ٹورنامنٹ کے 6 میچز میں 74 رنز بنائے جبکہ 10 فرسٹ کلاس میچوں میںانہوں نے 396 رنز بنائے ہےں ۔محمد محسن علی نے گزشتہ ڈومیسٹک سیزن میں سیکنڈ الیون کے 7 میچ کھیل کر 222رنز بنا ئے تھے ۔رضا علی ڈار نے گزشتہ ڈومیسٹک سیزن میں7 میچوں میں 167 رنز بنائے ۔
محمد عرفان ڈوگر نے گزشتہ ڈومیسٹک سیزن کے 4 میچوں میں 126 رنز بنائے جبکہ انہوں نے گزشتہ ڈومیسٹک سیزن کے ون ڈے میچوں میں 7 میچز کھیلے اور 163 رنز بنائے تھے۔فاسٹ بولر بلاول اقبال نے سیکنڈ الیون کی طرف سے ایک میچ کھیلا اور ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا تھا،زبیر خان بھی سفارش کی بدولت ڈومیسٹک سیزن میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی فرست میں شامل ہے۔ یہ سب کھلاڑی ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کیلئے اعلان کردہ ٹیموں کا حصہ ہیں ۔ ان کھلاڑیوں کی ڈومیسٹک سیزن کھیلنے والے کرکٹرز کی فہرست میں شمولیت میرٹ پر ٹیموں کی سلیکشن کا دعویٰ کرنے ولوں کے منہ پر طمانچہ کے مترادف ہے۔