رنگا رنگ تقریب میں کلب کی 35 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اولمپئینز اور سابق انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے شرکت کرکے تقریب کو یادگار بنادیاالصغیر کلب کراچی کے دیگر کلبز کیلئے ایک مثال ہے ، اولمپئین اصلاح الدین
کراچی (سپوٹرس لنک رپورٹ) پاکستان اور کراچی کو بے شمار کھلاڑی فراہم کرنے والے کراچی کے صفہ اول کے کلبز میں شمار کئے جانیوالے الصغیر ہاکی کلب کو 35 سال مکمل ہوگئے، اس پروقار موقع پر کلب کی 35 ویں سالگرہ کی تقریب اولمپئین اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی کے برقی قمقموں کی روشنی میں منعقد ہوئی، اولمپئینز اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں سے سجی اس تقریب کے مہمان خصوصی اولمپئین اصلاح الدین صدیقی نے کلب کے روح رواں صغیر حسین ، عظمت پاشا، مبشر مختار سمیت کلب کے سینیئر کھلاڑیوں کے ہمراہ 35 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا
تقریب میں اولمپئین ایاز محمود ، اولمپئین افتخار سید ، اولمپئین قمر ابراھیم ، اولمپئین کامران اشرف ،اولمپئین کاشف جواد ، سابق انٹرنیشنل جان محمد سمیت سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری احمد علی راجپوت ، سینیئر نائب صدر محفوظ الحق اور رائو جاوید اقبال ، امتیاز شیخ نے شرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگا دیئے ، اس موقع پر اکیڈمی کی فلڈ لائٹس میں الصغیر بلیوز اور الصغیر اورنج کے مابین نمائشی میچ بھی کھیلا گیا جس میں الصغیر اورنج نے چار کے مقابلے میں پانچ گول سے کامیابی حاصل کی ، فاتح ٹیم کی جانب سے کپتان مسرور علی نے دو ، عظمت پاشا ، حسن رضا اور منور عباس نے ایک ، ایک گول اسکور کیا جبکہ بلیوز کی جانب سے عارف حنیف نے دو ، جنید اسلم اور سمیر سلیم نے ایک، ایک گول اسکور کیا۔ اصلاح الدین اور قمر ابراھیم نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جبکہ کلب کے سینیئر کھلاڑیوں نے مہمان خصوصی اور دیگر مہمانان گرامی کو اجرک پہنائی ، یادگاری شیلڈ اور گلدستے پیش کئے ۔
مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ صغیر حسین کو 35 سال مسلسل قومی کھیل کی خدمت کرنے اور اپنے جذبے پر ثابت قدم رہنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، 35 سالہ طویل سفر میں انہوں نے کئی نشیب و فراز بھی دیکھے ہونگے لیکن انکی محنت اور لگن سے آج بھی انکے کلب کا شمار کراچی کے بہترین کلبز میں ہوتا ہے ، کلب کے سیکریٹری عظمت پاشا اور سینئر کھلاڑی مبشر مختار بھی مبارکباد کے مستحق ہیں جو قومی جذبے سے سر شار انتہائی جانفشانی سے کلب کو درست سمت میں آگے لیکر بڑھ رہے ہیں ، کراچی کے دیگر ہاکی کلبز کیلئے الصغیر کلب ایک مثال ہے انہیں بھی انکی تقلید کرتے ہوئے ہاکی کی خدمت کرنی چاہئے ۔ احمد علی راجپوت نے کہا کہ انہیں بڑی حیرانگی ہوئی کہ اس کلب کے پاس کھلاڑیوں کی تعداد اتنی زیادہ ہے وہ کلب کے منتظمین اور کھلاڑیوں کے نظم و ضبط سے بھی بہت متاثر ہوئے
انہوں نے کہا کے اس سے قبل انہوں نے صرف کلب کی تعریفیں ہی سنیں تھیں لیکن آج دیکھ بھی لیا کہ واقعی الصغیر کراچی کا بہترین ہاکی کلب ہے۔ الصغیر ہاکی کلب کے سیکرٹری عظمت پاشا نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کے آج کی اس تقریب کو اپنے استاد جہانگیر محمّد خان مرحوم اور ہاکی کا ایک عظیم نام جنکی کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا جناب محترم اتقاء حسن زیدی صاحب مرحوم اور کلب کے وہ کھلاڑی محمد خالد ، فرحان ، عبدالوحید ( بھیا ) اور مبین شیخ جو اب اس دنیا میں نہیں ہے انکے نام منسوب کی ہے انہوں نے کہا کہ سابق سیکریٹری اتقاء حسین زیدی نے اپنے دور میں کراچی ہاکی کو بلندیوں پر پہنچایا انکے
دور میں کراچی ڈویژن کی ٹیم اداروں کے ہم پلّہ ہوا کرتی تھی سابق سیکریٹری بھی ہماری جدوجہد کے معترف تھے۔ تقریب سے سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سنیئر نائب صدر محفوظ الحق ، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے رائو جاوید اقبال ، مبشر مختار ، اور صغیر حسین نے بھی خطاب کیا جبکہ لطافت حسین شاہ ، سوئی سدرن گیس کے سابق منیجر اسپورٹس زبیر احمد ، جاوید اقبال بیگ ، نصرت حسین ، زاہد شہاب ، سجاس کے سیکریٹری اصغر عظیم ،چوہدری تنویر ، مسرت حسین ، کاشف فاروقی ، جاوید اقبال سینئر ، جاوید اقبال جونیئر ، ذوالقرنين،فرخ کمال، انٹرنیشنل ماہیا معین ، نصرت فاطمہ اور کھلاڑیوں کی فیملی کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ امپائرنگ کے فرائض ، فہد ، اصغر علی اور کامران اطہر نے انجام دیئے جبکہ ٹیکنیکل آفیشلز کے فرائض نصرت حسین ، محمد فیضان ، اسد ظہیر اور محمد مزمل نے انجام دیئے ۔