جمنیزیم ہال، ای لائبریری میں فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر نارووال کو ان سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ڈپٹی کمشنر نارووال میر شاہد زمان لک کی بھی ملاقات، ضلع نارووال میں سپورٹس کے فروغ اور ترقی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا
لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے گزشتہ روز نارووال کا دورہ کیا، جمنیزیم ہال، ای لائبریری اور ترقیاتی سکیموں کا معائنہ کیا، انہوں نے وہاں فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر نارووال کو ہدایت کی کہ کھلاڑیوں کو فراہم کی گئی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے، اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر گوجرانوالہ خواجہ سیف الرحمن، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ رئوف باجوہ، پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ایم یو نوید انجم، اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹر اعزاز شیرازی اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر نارووال محمد اصغر بھی موجود تھے
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے جمنیزیم ہال اور ای لائبریری کے معائنے کے موقع پر کہا کہ نوجوانوں کو سپورٹس کی بہترین سہولیات فراہم کررہے ہیں، نوجوان اس سے استفادہ کرکے اپنے ٹیلنٹ کو بہتر بنا کر ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے ترقیاتی منصوبوں کا بھی معائنہ کیا اور افسران کو ہدایت کی کہ ان منصوبوں کی تعمیر میں معیاری سامان استعمال کیا جائے اس معاملے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ سے ڈپٹی کمشنر نارووال میر شاہد زمان لک نے بھی ملاقات کی جس میں ضلع نارووال میں سپورٹس کے ترقیاتی منصوبوں اور موجودہ سہولیات کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق سپورٹس کے فروغ اور ترقی کے لئے سپورٹس کا جدید انفراسٹرکچر بنا رہے ہیں
، اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام ہورہا ہے، ان منصوبوں کی تکمیل سے نوجوانوں کو سپورٹس کی جدید سہولیات میسر آئیں گی، ڈپٹی کمشنر نارووال میر شاہد زمان لک نے سپورٹس کی ترقی کے حوالے ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جدید سہولیات ملنے سے کھلاڑیوں کی صلاحیتیں سامنے آئیں گی جس سے سپورٹس کو فروغ ملے گا۔