لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)بیس بال فیڈریشن آف ایشیا نے انڈر 12ایشین بیس بال چیمپئن شپ اگلے سال تک کے لئے ملتوی کردی ،کرونا وائرس کی وجہ سے بیس بال فیڈریشن آف ایشیا نے تائیوان میں کھیلی جانے والی گیارھویں انڈر12 ایشین بیس بال چیمپئن شپ اگلے سال مارچ تک کے لئے ملتوی کردی۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ کے مطابق چونکہ کرونا کا مرض ابھی بھی دنیا کے بیشتر ممالک کو متاثر کررہا ہے جس کی وجہ سے بین الاقوامی سفر ی پابندیاں بھی عائد ہیں۔
ان سب عوامل کی موجودگی میں کسی بھی انٹر نیشنل مقابلے کا انعقاد ناممکن ہے۔ کرونا کی وجہ سے جہاں پوری دنیا میں کھیلوں کی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں وہیں بیس بال کا کھیل بھی اس سے محفوظ نہیں رہا۔ بیس بال فیڈریشن آف ایشیا نے اس سال نومبر میں تائیوان میں کھیلی جانے والی انڈر 12ایشین بیس بال چیمپئن شپ ملتوی کردی ہے۔ چیمپئن شپ اب مارچ2021 میں کھیلی جائے گی۔
سید فخر شاہ کے مطابق مارچ میں کھیلی جانے والی اس چیمپئن شپ میں ایشین فیڈریشن نے 13سال کی عمر کے کھلاڑیوں کو بھی حصہ لینے کی اجازت دے دی ہے۔ سید فخر شاہ نے مزید بتایا کہ بیس بال فیڈریشن آف ایشیا نے مزید جو ایونٹ ملتوی کئے ہیں ان میں ایسٹ ایشیا کپ، کوچ کلینک اور سکورر کلینک بھی شامل ہیں۔
یہ ایونٹ اب اگلے سال منعقد ہوں گے۔ اگلے سال کھیلے جانے والے ایونٹس میں گیارھویں انڈر 15ایشین بیس بال چیمپئن شپ، تیسری ایشین ویمن بیس بال چیمپئن شپ، تیرھواں ایسٹ ایشیا کپ، پندرھواں ویسٹ ایشیا کپ، امپائر کلینک، کوچ کلینک اور سکورر کلینک شامل ہیں۔ سید فخر شاہ نے بتایا کہ بیس بال فیڈریشن آف ایشیا نے تمام ممبرممالک کو ان ایونٹس کا انعقاد کروانے کی دعوت دی ہے۔