لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ )کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر چھ ماہ بعد کارپوریٹ سیکٹر میں کھیلوںکی سرگرمیاں بحال ہوگئیں، پریمئر سپر لیگ کے زیر اہتمام پروفیسر مختار احمد بٹ میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کے ملتوی ہونے والے میچز کا دوبارہ آغاز ہوگیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو پریمئر سپر لیگ فہیم مختار بٹ نے کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر کے ملازمین نے چھ ماہ کا عرصہ گھروں میں گزارا،ٹورنامنٹ کے شروع ہونے سے دوبارہ صحتمندانہ سرگرمیاں فروغ پائیں گی ۔
عامر کیبل کرکٹ گرائونڈ اور ویلنشیا کرکٹ گرائونڈ میں چار مقابلے ہوئے ۔ عامر کیبل کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے پہلے میچ میں ڈیجیٹل پلاننگ سروسز نے آئی سی آئی کو 61 رنز سے شکست دی۔ ڈیجیٹل پلاننگ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 208 رنز بنائے۔ محمد صدیق نے 74 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ زوہیب شاہد نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔
جواب میں آئی سی آئی کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بناسکی۔ محمد صدیق کو آل رائونڈر کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اسی میدان میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں ایبکس کی ٹیم نے سیماٹکس ٹیکنالوجی کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ سیماٹکس ٹیکنالوجی کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 118 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سہیل سکندر نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا ۔
ایبکس کی ٹیم نے عمر اقبال کے 65رنز کی بدولت مطلوبہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا ۔ سہیل سکندر بہترین بالنگ پر مین آف دی میچ قرار پائے۔ ویلنشیا کرکٹ گرائونڈ میں منعقد ہونے والے پہلے میچ میں ڈیسکون کی ٹیم کی غیر حاضری پر جاز کی ٹیم کو واک آورر دے دیا گیا۔
دوسرے میچ میں نیٹسول نے الباریو انجینئرنگ کو تین وکٹوں سے پچھاڑ دا۔ الباریو انجینئرنگ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 131 رنز بنائے۔ حافظ فیصل نے 58 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ محمد ممتاز نے بھی بہترین بالنگ دکھاتے ہوئے 4کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ نیٹسول کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ احسان علی نے 32 رنزکی اننگز کھیلی۔ محمد ممتاز کو شاندار بالنگ پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ٹورنامنٹ میں شامل تمام ٹیموں نے کوارٹر فائنل مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ کوارٹر فائنل رائونڈ کے میچز اگلے ہفتے لاہور کی بہترین گرانڈز میں کھیلے جائیں گے۔