• آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل 3 ون ڈے میچز ملتان جبکہ تین ٹی ٹونٹی میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے
• پاکستان دنیا کے افق پر ایک پرامن، اور محفوظ ملک کی حیثیت سے اپنا تشخص قائم کرنے میں کامیاب ہوگیا ہے، ذاکر خان
لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں اپنی مہم کا آغاز زمباوے کے خلاف تین میچوں کی سیریز سے کرے گی۔
تین ون ڈے میچوں پرمشتمل سیریز کا آغاز 30 اکتوبر سے ہوگا۔ ملتان میں کھیلی جانے والی اس سیریز کے دیگر دو میچز یکم اور تین نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد دونوں ٹیمیں ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے راولپنڈی کا رخ کریں گی، جہاں وہ 7، 8 اور 10 نومبر کو ایکشن میں نظر آئیں گی۔
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ دراصل آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہے، جہاں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے 12 ممالک سمیت نیدرلینڈ کی ٹیم ایکشن میں نظر آئے گی۔ اس ایونٹ کی سات بہترین ٹیمیں اور ایک میزبان ملک کو میگا ایونٹ میں رسائی ملے گی۔ سپر لیگ میں شامل ہر ٹیم کو چار ہوم اور چار اوے سیریز میں شرکت کرنی ہے۔
ذاکر خان، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ:
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان کا کہناہے کہ سری لنکا، بنگلہ دیش، ایم سی سی اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد کے بعد اب زمباوے کے خلاف سیریزسے یہ واضح ہوتا ہے کہ پاکستان نے دنیا کے افق پر اپنا تشخص ایک پرامن اور محفوظ ملک کی حیثیت سے منوالیا ہے۔ اس سیریز کی تصدیق سے دنیا کو یہ پیغام بھی ملتا ہے کہ پاکستان نےبہت کامیاب انداز سے کورونا وائرس کی وباء پر قابو پایا ہے۔
ذاکر خان نے کہا کہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ2023 کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے باعث یہ سیریز پاکستان کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ سپرلیگ کاایک ایک پوائنٹ بہت قیمتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک منظم حکمت عملی کے تحت زمباوے کے خلاف میچز ملتان اور راولپنڈی میں منعقد کروارہے ہیں کیونکہ 30 ستمبر سے 18 اکتوبر تک جاری رہنے والا نیشنل ٹی ٹونٹی کپ بھی انہی 2 وینیوز پر کھیلا جارہا ہے، لہٰذا جب تک زمباوے کی ٹیم پاکستان آئے گی ہمیں ان دونوں وینیوز پر بائیو سیکیور ہوٹلز، کھلاڑیوں کی آمد ورفت سمیت گراؤنڈ اور ڈریسنگ روم میں موجود تمام افراد کو ایک محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے کوویڈ19 پروٹوکولز کے نفاذ کا وسیع تجربہ ہوچکا ہوگا۔
زمباوے کو دونوں طرز کی کرکٹ کے لیے اپنا 32 رکنی اسکواڈ ہمراہ لانے کی درخواست کی گئی ہے جو اس دوران اپنے وارم اپ میچز بھی آپس میں کھیلیں گے۔کوویڈ19 پروٹوکولز کے مطابق زمباوے کرکٹ ٹیم اپنا پہلا کوویڈ19 ٹیسٹ ہرارے سے کروانے کےاڑتالیس گھنٹے بعد پاکستان کے لیے اڑان بھرے گی۔ ان کے اسکواڈ میں شامل تمام افراد کا دوسرا کوویڈ19 ٹیسٹ ان کی اسلام آباد آمد پر لیا جائے گا۔
جن کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کا اسلام آباد میں لیا گیا ٹیسٹ منفی آئے گا انہیں ٹریننگ شروع کرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔ اس دوران اگر کسی فرد کے کوویڈ19 ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آتی ہے تو اسے5 روز سیلف آئسولیشن میں گزارنے ہوں گے اور اس دوران اس کے مسلسل 2 کوویڈ19 ٹیسٹ منفی آنے لازمی ہوں گے۔
زمباوے کے خلاف سیریز بند دروازوں میں کھیلی جائے گی۔
سیریز کا شیڈول(میچ کے اوقات اور ٹریننگ کے شیڈول کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا):
بیس اکتوبر: زمباوےکرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد
تیس اکتوبر: پہلا ایک روزہ میچ، ملتان
یکم نومبر: دوسرا ایک روزہ میچ، ملتان
تین نومبر: تیسرا ایک روزہ میچ، ملتان
چار نومبر:اسلام آباد روانگی
سات نومبر: پہلا ٹی ٹونٹی میچ، راولپنڈی
آٹھ نومبر: دوسرا ٹی ٹونٹی میچ، راولپنڈی
دس نومبر: تیسرا ٹی ٹونٹی میچ، راولپنڈی
گیارہ نومبر: زمباوے کرکٹ ٹیم کی واپس ہرارے روانگی