ملتان(سپورٹس لنک رپورٹ)ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے پہلے مرحلے کے چھٹے میچ میں سندھ نے سنٹرل پنجاب کو باآسانی 7 وکٹوں کے بھاری مارجن سےشکست دے دی۔ سندھ نے شرجیل خان اور خرم منظور کی شاندار بلے بازی کی بدولت 155 رنز کا مطلوبہ ہدف7 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔
شرجیل خان کی 77 رنز کی اننگز میں9 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ خرم منظور50رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ دونوں اوپنرزکے درمیان 134 رنز کی ابتدائی شراکت نےسندھ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
سندھ کے آخری آؤٹ ہونے والے والے بیٹسمین اعظم خان تھے وہ 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سرفراز احمد 7 اور احسان علی بغیر کوئی رنز بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔
سنٹرل پنجاب کے احسان عادل نے2 اور نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل سنٹرل پنجاب کے کپتان سعد نسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کافیصلہ کیا تو عابد علی کے علاوہ ان کا کوئی بھی بلے باز لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔ بارہ رنز پر دونوں اوپنرز کے پویلین واپس پہنچنے پر عابد علی کے 56 رنز نے سنٹرل پنجاب کا ٹوٹل 150 کے پار لگانے میں مدد کی۔سنٹرل پنجاب نے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔
سندھ کے باؤلنگ اٹیک نے ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں قدرے بہتر باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔ فاسٹ باؤلر سہیل خان نے 33 رنز کے عوض 3 جبکہ محمد اصغر نے 2وکٹیں حاصل کیں۔
مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے سندھ کے اوپنر شرجیل خان کاکہنا تھا کہ ان کنڈیشنز میں رنز بنانا آسان نہیں تھا، پچ پر گیند رک کر آرہا تھا لہٰذا خرم منظور سے باہمی مشاورت کے ساتھ قدرے سست روی سے کھیل کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی انفرادی اننگز سے خوش ہیں اور کوشش کریں گے ایونٹ کے دیگر میچوں میں بہترکارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں۔