کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے ایک بار پھر کراچی کے ساحل پر گندگی پر اپنی آواز بلند کی۔وسیم اکرم نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ سوچا تھا کہ ہفتے کے بعد پیر پہلا دن ہے، سمندر پر مزہ آئے گا لیکن میں نے اپنی بیوی کو سی ویو پر لا کر بہت بڑی غلطی کر دی۔
انہوں نے سی ویو کی گندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو مورد الزام نہیں ٹھہرانا بلکہ بحیثیت قوم ہمیں اپنے آپ کو قصوروار ٹھہرانا ہے۔وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا یہ بہت ہی شرمناک ہے، ہم پوری دنیا کو کہتے ہیں کہ پاکستان بہت خوبصورت ملک ہے، لوگ بہت خوبصورت ہیں، ’لوگ بہت خوبصورت ہیں مگر گندے بھی ہیں۔‘ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو سوشل میڈیا پر نصیحتیں دینے کا شوق ہے نا تو یہ وقت ہے مشورے دینے کا، یہ سارا گند سمندر سے آیا ہے
جو آپ سمندر میں ڈالتے ہیں وہ سارا باہر آتا ہے۔خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی وسیم اکرم کئی بار کراچی کے ساحل پر گندگی کے حوالے سے آواز اٹھا چکے ہیں۔شنیرا اکرم نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک تصویر ڈالی جس میں وہ ساحل پر جمع ہونے والے کچرے پر کھڑی ہیں۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ہمارا شہر تکلیف میں ہے اور یہ (شہر) ہمیں روز بتا رہا ہے، ہم اس اس کی مدد کے لیے چلا رہے ہیں لیکن کوئی بھی ہماری بات نہیں سن رہا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اسے اب رک جانا چاہیے، یہ (کچرا) ہمارے شہر، ہمارے لوگوں اور کلچر کے لیے باعث شرم ہے، ہم ایسے نہیں ہیں۔