راولپنڈی(سپورٹس لنک رپورٹ)دانش عزیز کے 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز نے سندھ کو ایونٹ میں سنٹرل پنجاب کے خلاف دوسری کامیابی دلادی ہے۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے گئے اہم میچ میں سندھ نے سنٹرل پنجاب کو 3 وکٹوں سے ہرایا۔ سندھ نے 171 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر5 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 97 رنز پر سندھ کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی تھی، جس کے بعد دانش عزیز نے حسان خان کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ کے لیے57 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی ۔ دانش عزیز نے 32 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ حسان خان 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس سے قبل اعظم خان نے 32 رنز اسکور کیے تھے۔
سندھ نے مطلوبہ ہدف 19.1 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ سنٹرل پنجاب کے وقاص مقصود نے 3 جبکہ ظفر گوہر اور احسان عادل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل سرفراز احمد نے ٹاس جیت کرسنٹرل پنجاب کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کامران اکمل 1 رنز بناکر سہیل خان کی گیند پر سلپ پر کیچ آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد سنٹرل پنجاب کے کپتان بابراعظم نے عبداللہ شفیق کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے 86 رنز کی شراکت قائم کی۔
بابراعظم نے 53 گیندوں پر 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 86 رنز کی اننگز کھیلی۔یہ ایونٹ میں ان کی مسلسل دوسری نصف سنچری ہے۔
کپتان کی وکٹ گنوانے کے بعد سنٹرل پنجاب کا مڈل آرڈر مشکلات کا شکار ہوگیا اور اسکور بورڈ پر بڑا مجموعہ سجانے میں کامیاب نہ ہوسکا۔ سنٹرل پنجاب نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔
سندھ کے فاسٹ باؤلر سہیل خان نے 24 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔
دانش عزیز کا کہنا ہے کہ وہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پچ پر اسپنرز کو زیادہ مدد نہیں ملی جس کا فائدہ اٹھایا اور کوشش کی کہ ان پر زیادہ اٹیک کیا جائے، جس کا فائدہ ہوا۔