راولپنڈی(سپورٹس لنک رپورٹ)نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے سنسنی خیز مقابلوں میں چھکے چوکوں کی برسات جاری ہے۔ ایونٹ کے 9اکتوبر سے شروع ہونے والے دوسرے مرحلے کے دوسرے میچ میں سدرن پنجاب نے 217 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے ایونٹ کی رنگینی کو چار چاند لگادئیے۔
میچ میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا،جہاں سندھ کے اوپنر اور ایونٹ کے ٹاپ اسکورر خرم منظور نے 10 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 108 رنز کی اننگز کھیل کر سدرن پنجاب کو مشکلات کا دوچار کیا مگر جواب میں بنوں سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ مڈل آرڈر بیٹسمین خوشدل شاہ نے 35 گیندوں پر دھواں دھار سنچری بناکر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز کی اننگز میں 9 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔یہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ اور کسی بھی پاکستانی کی جانب سے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں تیز ترین سنچری ہے۔
اس شاندار میچ کے بعد پی سی بی ڈیجٹل نے ان دونوں کھلاڑیوں نے اپنی اپنی سنچریوں اور پاور ہٹنگ کی صلاحیتوں پر تبادلہ خیال کیا ہے، جس کی تفصیلات مندرجہ ذیل ہیں:
خوشدل شاہ :
اب تک ایونٹ کے پانچ میچوں میں 191 رنز بنانے والے خوشدل شاہ کے رنز بنانے کی اوسط 38.20 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 207.60 کاہے۔ ایونٹ میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری بنانے والے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین اب تک ایونٹ میں 17 چوکے13 چھکے لگا چکے ہیں۔
گزشتہ سال نومبر میں آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے والے خوشدل شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ کے خلاف میچ میں محض 32 رنز پر 3 وکٹیں گنوانے کی وجہ سے سدرن پنجاب کی ٹیم مشکلات کا شکار تھی مگرانہوں نے کریز پر جاتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور ابتداء میں ہی باؤنڈریز ملنے کے باعث ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔
خوشدل شاہ نے کہا کہ میدان میں چھکے چوکوں کی برسات کرتے ہوئے انہیں بالکل اندازہ نہیں تھا کہ وہ قومی ریکارڈ قائم کرچکے ہیں مگر جو اعتماد اس اننگز سے انہیں ملا وہ ٹورنامنٹ میں اسے برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر اننگز میں کریز پر آتے ہی ابتدائی باؤنڈریز ان کی پسندیدہ شاٹس ہوتی ہیں کیونکہ اس سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔
خوشدل شاہ نے کہا کہ وہ قدرتی طور پر ایک پاور ہٹر ہیں،وہ پہلے جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر اور اب انگلینڈ کے اوئن مورگن کی ویڈیوزیوٹیوب پر دیکھ کر پاور ہٹنگ کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کی کوشش کرتے ہیں۔
خرم منظور :
اب تک ایونٹ کے پانچ میچوں میں 253 رنز بنانے والے خرم منظورکے رنز بنانے کی اوسط 50.60 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 141.34 کا ہے۔ ایونٹ میں ایک سنچری اور 2 نصف سنچری بنانے والے ٹاپ اسکورراب تک ایونٹ میں 31 چوکے 7 چھکے لگا چکے ہیں۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے خرم منظور نے کہاکہ وہ ہر ایونٹ سے پہلےنیٹ پر اس فارمیٹ کی سخت پریکٹس کرتے ہیں اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں ان کی پاور ہٹنگ صلاحیتوں کا راز بھی یہی ہے۔
خرم منظور کاکہنا ہے فاسٹ باؤلرز کو پیڈل سوئیپ کرنا اور گیند کو کٹ کرنا انہیں بہت پسند ہے۔ دائیں ہاتھ کے اوپنر نے کہا کہ انگلینڈ کے کیون پیٹرسن ان کے آئیڈیل کرکٹر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سدرن پنجاب کے خلاف میچ میں ٹاس ہارنے کے بعدانہوں نے زیادہ سے زیادہ رنز کا ہدف اسکور بورڈ پر سجانے کی حکمت عملی اپنائی تھی مگر خوشدل شاہ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا،اپنے کرکٹ کیرئیر میں ایسی اننگز بہت کم دیکھی۔