راولپنڈی (سپورٹس لنک رپورٹ)قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کی جانب سے چیف سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد اکرم کو یہ عہدہ سونپے جانے کا امکان ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ اگلے 2 سالوں میں بین الاقوامی کرکٹ میں ہماری 10 اہم کمٹمنٹ ہیں جس میں سے کچھ دورے ایسے ہیں کہ میرے لیے بطور چیف سلیکٹر کام کرنا اور ڈومیسٹک کرکٹ کو دیکھنا مشکل ہو جائے گا،چیف سلیکٹرکی ذمے داری 30 نومبرتک نبھاؤں گا۔
باوثوق ذرائع کے مطابق مصباح نے کہا ہے کہ وہ چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑ کر ہیڈ کوچ کے عہدے پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کی جانب سے چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنے کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد اکرم کو یہ ذمہ داری سونپنے پر غور جاری ہے ۔46 سالہ محمد اکرم اس وقت پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی کے ڈائریکٹر کرکٹ اور بائولنگ کوچ کے طور پر ذمہ داری نبھارہے ہیں۔ادھر پی سی بی کے ایک اہم ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق فاسٹ بائولر راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کا نام بھی اس اہم عہدے کیلئے زیر غور ہے، ذرائع کے مطابق چند روز قبل شعیب اختر اس حوالے سے کہہ بھی چکے ہیں کے ان کو بورڈ میں اہم عہدہ ملنے کا امکان ہے تاہم بورڈ نے اس کی تردید کی تھی مگر بعد میں بورڈ نے کہا تھا کہ ابھی شعیب اختر کو فی الحال کوئی عہدہ نہیں دیا جا رہا ہے مگر اب قوی امکان ہے کہ چیف اختر کو چیف سلیکٹر کا عہدہ مل جائیگا۔