محمد رضوان کی عمدہ اننگز کے باوجود خیبرپختونخوا کو شکست

راولپنڈی(سپورٹس لنک رپورٹ)پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں سنٹرل پنجاب نے اپنے آخری لیگ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد خیبرپختونخوا کو 3 رنز سے ہرادیا۔ 175 رنز کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز ہی بناسکی۔

وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے میچ کے آخری اوور میں احسان عادل کومسلسل 3 باؤنڈریز لگاکر میچ کو دلچسپ بنادیا مگر وہ بدقسمتی سے اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے میں ناکام رہے۔ خیبرپختونخوا کو جیت کے لیے میچ کی آخری گیند پر 6 رنز درکار تھے تاہم محمد رضوان صرف 2 رنز ہی بناسکے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین 68 گیندوں پر 6 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 99 رنز بناکرناٹ آؤٹ رہے۔

اس میچ میں فتح نے سنٹرل پنجاب کی ایونٹ کے فائنل فور میں پہنچنے کی امید ایک بار پھر جگادی ہے تاہم فاتح ٹیم کو اب بھی سیمی فائنل میں رسائی کے لیے اگر مگر کی صورتحال کا سامنا ہے۔ دوسری طرف خیبرپختونخوا کی ٹیم میچ میں شکست کے باوجود 10 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرچکی ہے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کے علاوہ خیبرپختونخوا کا کوئی بھی بیٹسمین بہتر کھیل کا مظاہرہ نہ کرسکا، افتخار احمد 21 اور مصدق احمد 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سنٹرل پنجاب کے وقاص مقصود نے 3 اور احسان عادل نے 2وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کافیصلہ کیا تو سنٹرل پنجاب کے اوپنر کامران اکمل کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے، جس کے بعد نئے آنے والے بیٹسمین عبداللہ شفیق نے کپتان بابراعظم کے ہمراہ 80 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو سنبھالا دیا۔ بابراعظم 39 رنز بناکرکیچ آؤٹ ہوئے تو سیکنڈ الیون میں عمدہ کارکردگی کی بدولت سنٹرل پنجاب کے فرسٹ الیون اسکواڈ میں جگہ بنانے والے نوجوان بلے باز محمد اخلاق نے کریز سنبھالتے ہی جارحانہ انداز اپنایا۔

محمد اخلاق نے 29 گیندوں پر 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے برق رفتار 50 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انہوں نےتیسری وکٹ کے لیے عبداللہ شفیق کے ساتھ مل کر 70 رنز جوڑے۔ عبداللہ شفیق 63 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عبداللہ شفیق 358 رنز بناکر ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فرہست میں پہلے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ سنٹرل پنجاب نے مقررہ بیس اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے۔ خیبرپختونخوا کے عثمان شنواری اور عمران خان سینئر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ میں شاندار اننگز کھیلنے پر نوجوان بیٹسمین محمد اخلاق کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اسکور کارڈ:
سنٹرل پنجاب: بیس اوورز میں 4/174 ؛ عبداللہ شفیق 63 (48)، محمد اخلاق 50* (29)
عثمان شنواری 2/20، عمران خان سینئر 2/24
خیبرپختونخوا: بیس اوورز میں 6/171؛ محمد رضوان 99*(68)، افتخار احمد 21
وقاص مقصود 3/43، احسان عادل 2/32

تعارف: newseditor