قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کا پہلا روز مکمل

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر بلوچستان کو اپنی پہلی اننگز میں 143 رنز کے خسارے کا سامنا ہے اور ابھی اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں۔ اویس ضیاء 32 رنز سے کھیل کے دوسرے روز کھیل کا آغاز کریں گے۔ اس سے قبل سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو محمد جنید کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 196 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ مختار احمد نے 51 رنز بنائے۔ محمد جنید نے 4 اور اسامہ میر نے 3وکٹیں حاصل کیں۔

اُدھر کے سی سی اے اسٹیڈیم کراچی میں کی پی اور سندھ کے درمیان جاری میچ کا پہلا روز سندھ کے نام رہا، جہاں سیف اللہ بنگش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو سندھ نے اپنی پہلی اننگز میں مقررہ 83 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 270 رنز بنائے۔اوپنر عماد عالم نے 98 رنز بنائے۔دانش عزیز 46 اور سیف ا للہ بنگش نے 43 رنز بنائے۔ محمد عمران نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں خیبرپختونخوا نے میچ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 16 رنز بنالیے ہیں۔ اوپنرز محمد محسن خان 9 اور مصدق احمد 6 کے انفرادی اسکور سے میچ کے دوسرے دن کا آغاز کریں گے۔

دوسری جانب ٹی ایم سی گراؤنڈ کراچی میں کھیلے گئے میچ کے پہلے روز سنٹرل پنجاب کا پلڑا بھاری ہے۔سنٹرل پنجاب نے ناردرن کے 128رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 3وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنالیے ہیں۔ محمد اخلاق 50رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد فائق 49 رنز بناکرریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔اس سے قبل اعتزاز حبیب خان کے 6 شکار کی بدولت ناردرن کی پوری ٹیم 128 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ناردرن کے صرف 4 کھلاڑی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔ اعتزاز حبیب خان نے 19 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

تعارف: newseditor