کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری میچ میں تابش خان کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت پہلے روز سندھ کا پلڑا بھاری رہا۔ پہلے روز کھیل کے اختتام پر سنٹرل پنجاب نے اپنی پہلی اننگز میں 86 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنالیے ہیں۔ سندھ کے فاسٹ باؤلرتابش خان نے 44 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اب تک 38 مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ سنٹرل پنجاب کے اوپنر احمد شہزاد 69 اور محمد سعد 51 رنز بناکر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔میچ کا ٹاس سندھ نے جیتا تھا جنہوں نے سنٹرل پنجاب کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ کے پہلے روز ناردرن کے 165 رنز کے جواب میں سدرن پنجاب نے پہلی اننگز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 174 رنز بنالیے ہیں۔ پہلے روز کھیل کے اختتام پر شان مسعود 80 جبکہ حسین طلعت 53 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ اس سے قبل ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو سدرن پنجاب کے اسپنرز کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت ناردرن کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 48.4 اوورز میں 165 رنز بناکرآؤٹ ہوگئی۔ زاہد محمودنے 4 اور سلمان علی آغا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ فیضان ریاض اور عمر امین 29، 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں جاری میچ کے پہلے روز بلوچستان نے کھیل کے اختتام پر 89 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 310 رنز بنالیے ہیں۔ بسم اللہ خان 102 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ انہوں نے کاشف بھٹی کے ہمراہ چھٹی وکٹ کے لیے 160 رنز کی شراکت قائم کی۔ کاشف بھٹی 98 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔کے پی کے جنید خان، عمران خان سینئر اور احمد جمال 2،2 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔بلوچستان نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔