کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے سنٹرل پنجاب کو6 وکٹوں سے ہرادیا۔ سنٹرل پنجاب نے میچ کے آخری روز سندھ کو جیت کے لیےپچاس اوورز میں 212 رنز کا ہدف دیا۔ جو سندھ نے4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔سعود شکیل نے 61 رنز بنائے، اسد شفیق 45 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے قبل 32 رنز کے خسارے سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے عثمان صلاح الدین اور محمد سعد کی 136 رنز کی شراکت کی بدولت اپنی دوسری اننگز میں 243 رنز بنائے۔ عثمان صلاح الدین 75 اور محمد سعد نے 59 رنز بنائے۔ اس سے قبل سنٹرل پنجاب کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 207 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، تابش خان نے 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ جواب میں فواد عالم کے 115 رنز کی بدولت سندھ کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 239 رنز بنائے تھے۔
یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو 186 رنز سے ہرادیا۔ 413 رنز کے تعاقب میں کے پی کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 226 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان یاسر شاہ اور کاشف بھٹی نے دوسری اننگز میں 4، 4 وکٹیں حاصل کیں۔
یاسر شاہ نے میچ میں مجموعی طور پر 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ کے پی کے عادل امین 67 اور کامران غلام 51 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔ اس سے قبل بسم اللہ خان کی سنچری اور کاشف بھٹی کے 98 رنز کی مدد سے بلوچستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 362 رنز بنائے تھے۔ کے پی کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 167 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ خرم شہزاد نے 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ جواب میں 195 رنز کی سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی ٹیم نے میچ کے تیسرے روز 8وکٹوں کے نقصان پر 217 رنز پر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کرکے کے پی کو جیت کے لیے 413 رنز کا ہدف دیا تھا۔