پاکستان وائٹ اور پاکستان گرین بیس بال ٹیمیں بیس با ل کے نمائشی میچز کے لئے گلگت بلتستان روانہ

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان گرین اور پاکستان وائٹ بیس بال ٹیمیں بیس بال کے نمائشی میچز کھیلنے کے لئے گلگت بلتستان روانہ ہوگئیں۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے ٹیموں کو لاہور سے روانہ کیا۔ اس موقع پر گروپ فوٹوکا اہتمام کیا گیا تھا جس کے مہمان خصوصی الجلیل گارڈن کے سی ای او چوہدری نصراللہ وڑائچ تھے۔

پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے مہمان خصوصی کا استقبال کیااور کھلاڑیوں سے متعارف کروایا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نصراللہ وڑائچ کا کہنا تھا کہ پاکستان فیڈریشن بیس بال دنیا کے بلند ترین مقام پر بیس بال میچ کا انعقاد کروانے جارہی ہے اور اس تاریخی موقع پر ہم فیڈریشن کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ الجلیل گارڈن مستقبل میں بھی بیس بال کی ڈیویلپ منٹ کے لئے فیڈریشن کا ساتھ دیتا رہے گا۔

اس سے پہلے پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے پاکستان گرین اور پاکستان وائٹ ٹیموں کااعلان کیا۔ پاکستان وائٹ ٹیم میں عمیر امداد بھٹی کپتان جبکہ ان کے نائب کی ذمہ داریاں طارق ندیم کو سونپی گئیں اور ٹیم کا کوچ خرم بٹ کو نامزد کیا گیا۔ باقی کھلاڑیوں میں سید علی شاہ، فضل الرحمن، ارشدخان، سید امین آفریدی، محمد عبداللہ، عالمگیر خان، عزیز الرحمن، عثمان شوکت، ابوبکر ورک، محمد عاصم اور شاہ رخ شامل ہیں۔ پاکستان گرین ٹیم میں فقیر حسین کپتان جبکہ نائب کپتان کی ذمہ داری سید محمد شاہ کے حوالے کی گئی۔

ٹیم کے کوچ طاہر محمود نامزد کئے گئے۔ باقی کھلاڑیوں میں محمد سمیر زوار، محمد ذاکر، اسد علی، تیمور جاوید، محمد وسیم، محمد حارث، واحد، محمد وسیم (کے پی)، حسن جمیل، ناصر اقبال اور سید احسن امیر کاظمی شامل ہیں۔ گروپ فوٹو کے بعد نیک تمناؤں کی دعاؤں کے ساتھ پاکستان ٹیم کو روانہ کردیا گیا۔ ٹیم براستہ اسلام آباد گلگت بلتستان پہنچے گی۔

error: Content is protected !!