کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)قائداعظم ٹرافی کے فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں چھ ٹیموں کے درمیان معیاری اور بہترین مقابلوں کے بعد اب ایونٹ کا دوسرا راؤنڈ ہفتے سے شروع ہوگا۔
ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں کھیلے گئے تین میچوں میں کُل 4 بلے بازوں نے سنچریاں اور 4 باؤلرزنے میچ کی ایک اننگز میں 5 یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔
ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں سدرن پنجاب اور بلوچستان کے درمیان کھیلا جانے والا چار روزہ فرسٹ کلاس میچ براہ راست نشر کیا جائے گا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول یہ میچ پی سی بی کے آفیشل یو ٹیوب چینل پر اسٹریم بھی کیا جائے گا۔
شان مسعود کی زیرقیادت میدان میں اترنے والی سدرن پنجاب کی ٹیم وہ واحد ٹیم ہے جس نے ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں زیادہ سے زیادہ بیٹنگ اور باؤلنگ پوائنٹس اپنے نام کیے ۔
ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں بننے والی کُل چار سنچریوں میں سے 2 تو سدرن پنجاب کے بلے بازوں نے بنائیں ۔ شان مسعود نے 134 اور حسین طلعت نے 253 رنز بنائے۔دوسرے راؤنڈ میں بھی سدرن پنجاب کی امیدوں کا محور لیگ اسپنر زاہد محمود ہوں گے۔ انہوں نے پہلے میچ میں 98رنز کے عوض 10 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔
دوسری طرف پہلے راؤنڈ میں خیبرپختونخوا کو 186 رنز سے شکست دینے والی بلوچستان کرکٹ ٹیم کی قیادت یاسر شاہ کررہے ہیں۔ انہوں نے ایونٹ کے ابتدائی راؤنڈ میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔ بلوچستان کی ٹیم نے میچ میں تمام باؤلنگ پوائنٹس حاصل کیے۔
اُدھر پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن سنٹرل پنجاب کو شکست سے دوچار کرنے والی سندھ کی ٹیم دوسرے راؤنڈ میں کے پی کے مدمقابل آئے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان چار روزہ میچ یوبی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلا جائے گا۔
فواد عالم کی سنچری اور تابش خان کے 5 شکار نے سندھ کو سنٹرل پنجاب کے خلاف میچ میں فتح حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا تاہم ا س دوران سعود شکیل، عمیر بن یوسف اور محمد اصغر نے بھی اپنی صلاحیتوں کے خوب جوہر دکھائے تھے۔ سندھ کرکٹ ٹیم کی کپتانی سرفراز احمد کررہے ہیں۔
اُدھر کے پی کی قیادت اشفاق احمد کررہے ہیں۔ اسکواڈ میں شامل عادل امین، کامران غلام اور ساجد خان نے گزشتہ میچ میں بہتر انفرادی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم وہ اپنی ٹیم کو جیت دلانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کی فاتح کے پی کی ٹیم ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ میں جیت کے لیے پرعزم ہے۔
گزشتہ سیزن کی دونوں فائنلسٹ ٹیمیں، سنٹرل پنجاب اور ناردرن کی ٹیم رواں سال پہلی مرتبہ ہفتےسے شروع ہونے والےراؤنڈ میں این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں ٹکرائیں گی۔
اظہر علی کی زیرقیادت میدان میں اترنے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم کو گزشتہ میچ میں 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم دوسرے راؤنڈ میں وہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی مکمل اہلیت رکھتی ہے۔ گزشتہ میچ میں احمد شہزاد اور محمد سعد نے نصف سنچریاں بنائی تھیں جبکہ وقاص مقصودنے میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں ۔
ناردرن کی قیادت نعمان علی کررہے ہیں۔ ناردرن کو ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں ایک اننگز کی شکست کا سامنا کرنا پڑاتھا۔ گزشتہ میچ میں ناردرن کی ٹیم، بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی تھی تاہم ماضی کی طرح وہ اس مرتبہ بھی فرسٹ کلاس کرکٹ میں شاندار کم بیک کرنے کے لیے دوسرے راؤنڈ میں زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔