اسلام آباد (سپورٹس لنک رپورٹ) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن پشاور سے افغانستان تک امن روڈ ریس کا اہتمام کرے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان سپورٹس بورڈ میں پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے زیراہتمام پاکستان انٹرنیشنل سائیکلنگ روڈ ریس چیمپیئن شپ کی تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا
یہ روڈ چیمپیئن شپ اسلام آباد سے مری تک منعقد ہوئی تھی جس میں پاکستان سمیت افغانستان کے 110 سائیکلسٹ نے حصہ لیا، اس موقع پر پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ، سیکرٹری جنرل نثار احمد، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سابق صدر انجینئر اشفاق حسین شاہ اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرلز منصور احمد اور محمد اعظم ڈار بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سائیکلنگ کا کھیل ملک میں نوجوانوں کے لئے ایک صحت مندانہ سرگرمیاں مہیا کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد سپورٹس صوبوں کے پاس چلی گئی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے پرائیویٹ سیکٹر کو آگے لائیانہوں نے کہا کہ سائیکلنگ کے مقابلوں کا انعقاد گائوں گائوں اور تحصیل کی سطح پر ہونا چاہئے جس سے نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیاں مل سکتی ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں میں اختلافات نہیں ہونے چاہئے کیونکہ اس میں کھلاڑیوں کا نقصان ہوتا ہے
انہوں نے کہا کہ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن پشاور سے افغانستان تک روڈ ریس کا اہتمام کرے جس سے خطے میں امن کا پیغام جائے گا، حکومت بھی محدود وسائل میں رہتے ہوئے پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کی مدد کرے گی، انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لئے وہاں کے ٹیلنٹ کا ایک بہت بڑا اہم کردار ہوتا ہے
انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث پوری دنیا متاثر ہوئی ہے اور اللہ تعالی نے اس وباء کو ختم کیا ہے۔ سوئی سدرن گیس کے رضوان نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ افغانستان کے فصیح اللہ اور بائیکستان کے حنزلہ نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی