پاکستان فیڈریشن بیس بال نے دنیا کے بلند ترین بیس بال گرائونڈ پر میلہ لگا کر ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا

اسکردو/کوٹری(پرویز شیخ)پاکستان فیڈریشن بیس بال نے دنیا کے بلند ترین بیس بال گرائونڈ  پر میلہ لگا کر ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا۔پاکستان کے لیئے عالمی شہرت اپنے نام کرنے والے 7310 فٹ کی بلندی پر قائم شاہین بیس بال گرائونڈ اسکردو میں تاریخ ساز بیس بال میچ منعقد کردیا گیا۔پاکستان فیڈریشن بیس بال کے میڈیا مینیجر پرویز احمد شیخ کے مطابق میچ میں پاکستان گرین نے پاکستان وہائٹس کو 11-3 رنز سے ہرا کر شاندار فتح حاصل کی۔

فاتح ٹیم کی جانب سے سمیر زوار نے 2 رنز فقیر حسین، اسد،زاکر،محمد شاہ،وسیم، واحد اور ملنگی نے 1-1 رن اسکور کیا جبکہ پاکستان وہائٹس کی جانب سے سے عالمگیر، امین آفریدی اور فضل خان نے بھی 1-1 رن بنا کر اس ریکارڈ ساز میچ میں بھرپور مقابلہ کرکے شائیقین سے داد وصول کی۔

میچ کو بحیثیت چیف امپائر زبیر وٹو, محمد جمیل کامران, ظفر وڑائچ اور دیگر نے سپروائز کیا۔قبل ازیں چیئرمین الجلیل ڈیویلپرز چوہدری نصراللہ وڑائچ نے بطور مہمان خصوصی، صدر PFB سید فخر علی شاہ کے ساتھ میچ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ڈی سی اسکردو ڈاکٹر انس اقبال اور ایس سی او اسکردو میجر فرمان اعزازی مہمان  تھے۔صدر پاکستان فیڈریشن بیس بال سید فخر علی شاہ نے مہمانوں کی آمد پر گلگت بلتستان بیس بال ایسوسی ایشن اور فیڈریشن کے دیگر عہدیداران کے ہمراہ مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر مقررین نے اپنے خطابات میں مذکورہ میچ کے انعقاد کو نہ صرف گلگت بلتستان بلکہ ملک بھر میں فروغ بیس بال کے لیئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے صدر سید فخر علی شاہ سمیت فیڈریشن اور بیس بال فیڈریشن آف ایشیا کو پاکستان اور ایشیا میں ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر پاکستان میں بیس بال کے بانی مرحوم سید خاور شاہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا کہ انکے لگائے ہوئے پودے نے آج پاکستان کو ورلڈ ریکارڈ کا حامل بنا دیا۔اس موقع پر مقامی آرگنائزرز و شائیقین بیس بال کی کثیر تعداد موجود تھی۔سید فخر علی شاہ کے مطابق اس سلسکے کا دوسرا میچ 3 نومبر کو کرکٹ گرائونڈ گلگت میں کھیلا جائے گا جس کے لیئے دونوں ٹیمیں اور آفیشلز گلگت پہنچ گئے ہیں۔

error: Content is protected !!